امریکی فضائی اڈے کے قریب بڑا آپریشن، برطانیہ میں 5 افراد گرفتار

حفاظتی اقدام کے طور پر قریبی علاقے کے تقریباً 85 گھروں کے رہائشیوں کو اپنے گھروں سے نکلنے کی ہدایت کی گئی


ویب ڈیسک September 28, 2026

برطانیہ میں امریکی فضائیہ کے زیرِ استعمال فیئرفورڈ ایئربیس کے قریب پولیس نے پانچ افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔

برطانوی حکام کے مطابق گرفتار افراد کو دھماکا خیز مواد سے متعلق جرائم اور مبینہ طور پر دہشت گرد کارروائی کی تیاری کے شبہے میں حراست میں لیا گیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں بڑا سیکیورٹی آپریشن شروع کیا گیا۔

برطانوی وزیر دفاع کے مطابق واقعہ میں فی الحال ایران کے ملوث ہونے کی بات کرنا درست نہیں ہے۔ 

برطانوی انسدادِ دہشت گردی پولیس کے مطابق اتوار کی رات تقریباً 12 بج کر 45 منٹ پر پولیس کو اطلاع ملی کہ تین مشکوک گاڑیاں ایئربیس کی جانب بڑھ رہی ہیں۔ مسلح پولیس اہلکاروں نے کارروائی کرتے ہوئے پانچ افراد کو گرفتار کرلیا، جبکہ فوج کی بم ڈسپوزل ٹیم نے تین وینز کا معائنہ شروع کردیا۔

حفاظتی اقدام کے طور پر قریبی علاقے کے تقریباً 85 گھروں کے رہائشیوں کو اپنے گھروں سے نکلنے کی ہدایت کی گئی اور انہیں قریبی تفریحی مرکز منتقل کیا گیا۔ مشتبہ گاڑیوں کے گرد تقریباً 400 میٹر کا حفاظتی حصار قائم کیا گیا، جبکہ علاقے میں مسلح پولیس اہلکار بھی تعینات رہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ فی الحال قابو میں ہے اور پانچوں گرفتار افراد زیرِحراست ہیں، تاہم تحقیقات ابھی ابتدائی مرحلے میں ہیں۔ حکام نے گرفتار افراد کی شناخت، قومیت یا مبینہ منصوبے کے مقصد کے بارے میں حتمی معلومات جاری نہیں کیں۔