فٹبالر کے ٹخنوں تک لمبے بال مخالف کھلاڑیوں کیلیے مصیبت بن گئے

36 سالہ اسکیپیو 69ویں منٹ میں میدان میں آئے اس وقت ان کی ٹیم پہلے ہی پانچ گول سے پیچھے تھی


اسپورٹس ڈیسک September 28, 2026

کونکاکاف نیشنز لیگ کے ایک میچ میں انگویلا کے کھلاڑی اسکیپیو کے ٹخنوں تک لمبے بال مخالف کھلاڑیوں کے لیے مصیبت بن گئے۔

انگویلا کو اینٹیگا اینڈ باربوڈا کے ہاتھوں 0-5 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا لیکن مقابلے کی سب سے دلچسپ بات گولز کے بجائے اسکیپیو کے غیر معمولی لمبے بال بن گئے۔

36 سالہ اسکیپیو 69ویں منٹ میں میدان میں آئے اس وقت ان کی ٹیم پہلے ہی پانچ گول سے پیچھے تھی۔

اسکیپیو کے تقریباً ٹخنوں تک پہنچنے والے لمبے بالوں نے میچ میں عجیب صورتحال پیدا کردی۔

چند ہی منٹ بعد اینٹیگا کے کیون گرین نے گیند لے کر بھاگنے والے اسکیپیو کے بال پکڑ لیے جس پر ریفری نے انہیں براہ راست ریڈ کارڈ دکھا دیا۔

انجری ٹائم میں شالون نائٹ نے بھی اسکیپیو کو روکنے کے لیے ان کے بال کھینچے اور وہ بھی میدان سے باہر ہوگئے۔

یوں 0-5 کی برتری کے باوجود اینٹیگا کی ٹیم نے میچ 9 کھلاڑیوں کے ساتھ ختم کیا۔