سوشل میڈیا صارفین فیشن ڈیزائنر پریشے عدنان سے لباس سے متعلق سوال کرنے پر شدید تنقید کا سامنا کرنے والی میزبان و اداکارہ نادیہ خان کی حمایت میں سامنے آگئے۔
نادیہ خان نے پریشے عدنان سے ان کے جم ویئر کلیکشن اور لباس کے حوالے سے سوال کیا تھا کہ کیا ان کے والدین ان کے اس انداز سے مطمئن ہیں، جس پر شوبز شخصیات نے میزبان کو تنقید کا نشانہ بنایا۔


اب متعدد سوشل میڈیا صارفین نادیہ خان کے دفاع میں سامنے آئے ہیں۔ صارفین کا کہنا ہے کہ میزبان نے صرف ایک سوال کیا تھا، جس پر انہیں غیرضروری طور پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
بعض صارفین نے پریشے کے لباس کو نامناسب قرار دیتے ہوئے نادیہ خان کے سوال کو درست قرار دیا، جبکہ کچھ نے مذہبی اقدار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ لباس سے متعلق سوال اٹھانے پر کسی کو اس حد تک تنقید کا نشانہ نہیں بنانا چاہیے۔