لاہور، پرائیوٹ کالج کے سوئمنگ پول میں 23 سالہ طالب علم ڈوب کر جاں بحق

متوفی عبداللہ اپنے دوستوں کے ہمراہ نجی میڈیکل کالج کے سوئمنگ پول میں نہا رہا تھا کہ پانی گہرا ہونے کے باعث ڈوب گیا


سید مشرف شاہ September 30, 2026
فوٹو فائل

لاہور کے علاقے گارڈن ٹاؤن میں نجی میڈیکل کالج کے سوئمنگ پول میں نہاتے ہوئے 23 سالہ طالب علم ڈوب کر جاں بحق ہوگیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سوئمنگ پول میں ڈوب کر  جاں بحق ہونے والے طالب علم کی شناخت عبداللہ مظہر کے نام سے ہوئی، جو چشتیاں کا رہائشی اور تھرڈ ایئر ایم بی بی ایس کا طالب علم تھا۔

پولیس ذرائع کے مطابق عبداللہ اپنے دوستوں کے ہمراہ نجی میڈیکل کالج کے سوئمنگ پول میں نہا رہا تھا کہ پانی گہرا ہونے کے باعث ڈوب گیا۔

اطلاع ملنے پر مقامی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور تلاش کے بعد عبداللہ کی لاش سوئمنگ پول سے نکال کر تحویل میں لے لی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ لاش کو پوسٹمارٹم کے لیے منتقل کردیا گیا ہے، جس کے بعد موت کی مزید وجوہات اور حقائق سامنے آئیں گے۔ پولیس نے واقعے کے مختلف پہلوؤں پر تفتیش شروع کردی ہے۔