کراچی:
شہر قائد کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات کے دوران ایک شخص جاں بحق جبکہ 2 افراد زخمی ہوگئے مچھر کالونی میں ذاتی جھگڑے کے دوران فائرنگ سے زخمی ہونے والا شخص دوران علاج دم توڑ گیا۔
اسٹاف رپورٹر کے مطابق سہراب گوٹھ کے علاقے مچھر کالونی ندی کے قریب فائرنگ سے 2 افراد زخمی ہوگئے جنہیں فوری طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ ذاتی جھگڑے کے دوران پیش آیا زخمیوں کی شناخت 35 سالہ زاکر اور 25 سالہ موسیٰ کے نام سے ہوئی۔
بعدازاں سر پر گولی لگنے سے شدید زخمی ہونے والا زاکر جناح اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا۔ چھیپا حکام کے مطابق مقتول کو سر پر گولی لگی تھی جبکہ پولیس واقعے کی مزید تفتیش کر رہی ہے۔
دوسری جانب اسٹیل ٹاؤن کے علاقے گلشن حدید سومار گوٹھ میں موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت کرنے پر شہری کو فائرنگ کرکے زخمی کردیا۔
زخمی کی شناخت 30 سالہ عرفان کے نام سے ہوئی، جسے طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔ پولیس نے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔