چینی تعلیمی ادارہ برطانوی یونیورسٹیوں کی جاسوسی کر رہا ہے، برطانوی خفیہ ایجنسی کا بڑا دعویٰ

برطانوی سیکیورٹی وزیر نے تمام جامعات کے سربراہان کو خط لکھ کر چینی ادارے کے ساتھ تعلقات ختم کرنے کی ہدایت کی ہے


ویب ڈیسک October 01, 2026

برطانیہ کی داخلی خفیہ ایجنسی MI5 نے چین سے منسلک ایک تحقیقی ادارے پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ برطانوی جامعات میں ہونے والی تحقیق کو چینی انٹیلی جنس کی تکنیکی صلاحیت بڑھانے کے لیے استعمال کر رہا ہے۔ MI5 نے اس معاملے پر ایک غیر معمولی عوامی الرٹ جاری کرتے ہوئے برطانوی جامعات کو چینی ادارے کے ساتھ تعاون کا جائزہ لینے کی ہدایت کی ہے۔

MI5 کے مطابق China General Technology Research Institute (CGTRI) کے چین کی وزارتِ ریاستی سلامتی کے ساتھ انتہائی مضبوط روابط ہیں۔

برطانوی خفیہ ایجنسی کا کہنا ہے کہ 100 سے زائد برطانیہ سے وابستہ ماہرینِ تعلیم نے CGTRI کے ذریعے فنڈ کیے گئے تحقیقی منصوبوں میں حصہ لیا، جن میں مصنوعی ذہانت، سائبر سیکیورٹی، خفیہ مواصلاتی نظام اور پیغامات یا معلومات چھپانے کی ٹیکنالوجی ’’اسٹیگانوگرافی‘‘ شامل ہیں۔

MI5 کا کہنا ہے کہ بعض برطانوی جامعات اور محققین نے ممکنہ طور پر نیک نیتی سے اس ادارے کے ساتھ کام کیا اور انہیں اس کے چینی انٹیلی جنس سے روابط کا علم نہیں تھا۔ تاہم ایجنسی نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ اس ادارے کے ساتھ تعاون کرنے والے افراد یا ادارے برطانیہ کے سیکورٹی ایکٹ کے تحت قانونی کارروائی کے خطرے سے دوچار ہوسکتے ہیں۔

برطانوی سیکیورٹی وزیر ڈین جاروس نے ملک کی تمام جامعات کے سربراہان کو خط لکھ کر چینی ادارے کے ساتھ جاری تعلقات ختم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ الرٹ اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ چینی انٹیلی جنس برطانوی ماہرین کی تحقیق اور مہارت سے خفیہ طور پر فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہی ہے۔

دوسری جانب لندن میں چینی سفارتخانے نے برطانوی الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں ’’من گھڑت‘‘ اور ’’بے بنیاد‘‘ قرار دیا ہے۔ چینی حکام کا کہنا ہے کہ برطانوی جامعات اور چین کے درمیان تحقیقی تعاون رضاکارانہ اور قوانین کے مطابق ہوتا ہے اور اس نوعیت کے الزامات دونوں ممالک کے تعلیمی و تحقیقی روابط کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔

یہ تنازع ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب برطانیہ ایک طرف چین کے ساتھ تجارتی اور سفارتی تعلقات بہتر بنانے کی کوشش کر رہا ہے، جبکہ دوسری جانب برطانوی سیکیورٹی ادارے حالیہ برسوں میں چینی جاسوسی اور حساس معلومات تک رسائی کی کوششوں کے حوالے سے متعدد انتباہات جاری کرچکے ہیں۔ جون 2026 میں ’’فائیو آئیز‘‘ اتحاد کے ممالک نے بھی چینی انٹیلی جنس کی جانب سے آن لائن جاب پلیٹ فارمز کے ذریعے حساس معلومات رکھنے والے افراد کو ہدف بنانے کے بارے میں خبردار کیا تھا۔