راولپنڈی:
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی راولپنڈی کی طالبات اور فیکلٹی ممبران کے ساتھ خصوصی نشست کی، جس میں قومی امور اور موجودہ صورتحال سے متعلق سوالات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
خصوصی نشست کے دوران طالبات نے مختلف سوالات کیے، جن کے ڈی جی آئی ایس پی آر نے مدلل اور مفصل جوابات دیے۔ براہِ راست سوال و جواب کے ذریعے طالبات کو قومی امور سے متعلق حقائق جاننے اور مختلف ابہامات و غلط فہمیوں کو دور کرنے کا موقع ملا۔
اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر بشریٰ مرزا نے کہا کہ تعلیم کا مقصد صرف نصابی معلومات تک محدود نہیں بلکہ طالبات کی تربیت اور انہیں زمینی حقائق سے آگاہ کرنا بھی ضروری ہے۔
طالبات نے کہا کہ مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ گمراہ کن مواد سے بچنے کے لیے معلومات کی تصدیق مستند ذرائع سے کرنا ضروری ہے۔ فیکلٹی ممبران نے اکیڈیمیا اور قومی اداروں کے درمیان براہِ راست روابط کو اہم قرار دیا، جبکہ طالبات نے ایسی نشستوں کے تسلسل پر زور دیا۔