کراچی؛ غیررجسٹرڈ ادویات، کاپی رائٹ کی خلاف ورزی پر 4 ملزمان گرفتار

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق بڑی مقدار میں غیررجسٹرڈ جعلی ادویات اور کاپی رائٹ کی خلاف ورزی پرمبنی مواد برآمد کرلیاگیا


آفتاب خان October 01, 2026
فوٹو: ایف آئی اے

وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) کارپوریٹ کرائم سرکل کراچی نے غیر رجسٹرڈ ادویات اور کاپی رائٹ کی خلاف ورزی کے خلاف کارروائیوں کے دوران 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل کراچی نے غیر قانونی ادویات کی فروخت اور رجسٹرڈ کاپی رائٹ کی خلاف ورزی کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 4 ملزمان کو گرفتار کر کے بڑی مقدار میں غیر رجسٹرڈ مبینہ جعلی ادویات اور کاپی رائٹ کی خلاف ورزی پر مبنی مواد برآمد کرلیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ قابل اعتماد اطلاع پر ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل کراچی کی ٹیم نےڈریپ کے ہمراہ کلفٹن، ڈیفنس فیز 7 کراچی اور بلاول چورنگی کے قریب واقع فارمیسی میں کارروائیاں کیں، کارروائی کے دوران مختلف بین الاقوامی برانڈز کی غیر رجسٹرڈ اور غیر مجاز ادویات بڑی مقدار میں برآمد کی گئیں۔

ترجمان نے بتایا کہ برآمد ادویات کی مالیت تقریباً 80 لاکھ روپے بتائی گئی ہے، کارروائی کے دوران دو افراد کو گرفتار کیا گیا، دوسری کارروائی بیوٹی آئیکون انٹرنیشنل کی جانب سے درج شکایت پر کی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل کراچی نے شکایت کی تصدیق اور ضروری قانونی جانچ کے بعد کارروائی کرتے ہوئے سیلر اور ڈسٹری بیوٹر کو گرفتار کرلیا، ملزمان کے قبضے سے رجسٹرڈ کاپی رائٹ کی خلاف ورزی پر مبنی بڑی مقدار میں مواد بھی برآمد کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ کاپی رائٹ خلاف ورزی کے معاملے میں کاپی رائٹ آرڈیننس 1962 کی متعلقہ دفعات، بشمول سکیشن 66 اور 66-A کے تحت مقدمہ درج کرنے کی کارروائی جاری ہے اور مزید تفتیش کے ذریعے مبینہ طور پر اس خلاف ورزی میں ملوث دیگر عناصر اور پورے نیٹ ورک کا سراغ لگایا جا رہا ہے۔

ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل کراچی کی جانب سے غیر قانونی ادویات، جعلی اور غیر رجسٹرڈ مصنوعات اور املاک کے حقوق کی خلاف ورزی میں ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائیاں جاری رکھنے کا عزم کیا گیا ہے۔