کولوراڈو کی مارکیٹ میں بھوکا ریچھ گھس آیا، بیکری کی اشیا پر ہاتھ صاف کردیا

یہ واقعہ ایسپن سیٹر ڈے مارکیٹ میں پیش آیا، جہاں دکانیں سجائی جارہی تھیں


ویب ڈیسک October 01, 2026

امریکی ریاست کولوراڈو میں ایک ہفتہ وار کسانوں کی مارکیٹ اس وقت غیر معمولی منظر کا مرکز بن گئی جب ایک بھوکا ریچھ بازار میں داخل ہوا اور ایک دکان سے تازہ تیار کی گئی پیسٹریاں کھانا شروع کردیں۔

یہ واقعہ ایسپن سیٹر ڈے مارکیٹ میں پیش آیا، جہاں دکانیں سجائی جارہی تھیں۔ وہاں موجود لوگوں نے ریچھ کی ویڈیو بنائی جس میں اسے لوئس سوئس کے بوتھ سے پکی ہوئی اشیا اٹھا کر کھاتے دیکھا جاسکتا ہے۔

کولوراڈو پارکس اینڈ وائلڈ لائف کے ترجمان جوائے لیونگسٹن کے مطابق ایسپن پولیس نے ریچھ کو ڈرا کر علاقے سے دور کرنے کی کوشش کی، جبکہ محکمہ جنگلی حیات کا ایک افسر بھی اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ گیا۔

 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

ریچھ نے بالآخر قریب موجود ایک درخت کا رخ کیا اور اس پر چڑھ گیا۔ کچھ دیر بعد وہ اپنی مرضی سے وہاں سے چلا گیا اور واقعہ کسی بڑے نقصان کے بغیر ختم ہوگیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ رواں برس شدید خشک سالی کے باعث ریچھوں اور انسانوں کے درمیان مڈھ بھیڑ کے واقعات میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ خشک سالی کے نتیجے میں ریچھوں کے قدرتی خوراک کے ذرائع متاثر ہوئے ہیں، جس کے باعث وہ خوراک کی تلاش میں انسانی آبادیوں کے قریب پہنچ رہے ہیں۔

موسم سرما سے پہلے بھی ریچھوں کی سرگرمی میں اضافہ ہوجاتا ہے کیونکہ وہ سردیوں کے طویل عرصے کے لیے جسم میں زیادہ سے زیادہ چربی جمع کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ اس دوران وہ خوراک حاصل کرنے کے لیے زیادہ متحرک رہتے ہیں تاکہ سردیوں میں طویل عرصے تک کم یا بغیر خوراک کے رہ سکیں۔