امریکی ریاست نیو جرسی کے ساحلی علاقے سرف سٹی میں طوفان کے بعد پانی سے بھری سڑک پر ایک شارک دکھائی دینے کی ویڈیو نے سوشل میڈیا صارفین کو حیران کردیا۔
یہ غیر معمولی منظر مقامی شہری ڈریو پروکاسینو نے اپنے موبائل فون کے کیمرے میں محفوظ کیا۔ ویڈیو میں سیلابی پانی سے بھری سڑک پر ایک شارک کا پر نمایاں طور پر پانی سے باہر آتا دکھائی دیتا ہے جبکہ وہ گاڑیوں کے گزرنے والی سڑک پر تیر رہی ہوتی ہے۔
ویڈیو بنانے والے شہری کے مطابق شارک ڈرائیو وے سے سمندر کی جانب بڑھ رہی تھی۔ وہ کچھ دیر تک تیرتی رہی، پھر ایک گھر کے گیراج کے قریب غائب ہوگئی اور بعد میں قریبی بارنیگیٹ بے کی سمت چلی گئی۔
منظر بظاہر غیر معمولی ضرور تھا، تاہم ماہرین نے ویڈیو کا جائزہ لینے کے بعد اس کی شناخت ’اسموتھ ڈاگ فش‘ کے طور پر کی۔ وائلڈ لائف ماہرین کے مطابق طوفان کے دوران تیز لہروں اور پانی کے بہاؤ نے اس شارک کو ساحلی پانیوں سے باہر رہائشی علاقے کی جانب پہنچا دیا تھا۔