شہر میں نامعلوم سمت سے چلنے والی گولیوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے، مختلف علاقوں میں پیش آنے والے واقعات میں 2 بچے زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق بلدیہ کے علاقے سیکٹر فور سی میں گھر کے اندر گولی لگنے سے شیر خوار بچی زخمی ہوگئی جسے فوری طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کیا گیا۔
چھیپا حکام کے مطابق بچی کی شناخت بشریٰ دختر واجد کے نام سے کی گئی جس کی عمر 6 ماہ ہے جبکہ واقعہ نامعلوم سمت سے آنے والی گولی گھر کے اندر ٹانگ پر لگنے سے پیش آیا۔
گھگھر پھاٹک کے قریب پراسرار فائرنگ سے کمشن بچہ زخمی ہوگیا جسے جناح اسپتال منتقل کیا گیا، پولیس کے مطابق زخمی بچے کی شناخت 8 سالہ بلال ولد عبدالرحمان کے نام سے کی گئی، واقعہ نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے پیش آیا۔
دریں اثنا ملیر سٹی کے علاقے غازی ٹاؤن ازان جنرل اسٹور کے قریب فائرنگ سے 45 سالہ عارف زخمی ہوگیا جسے فوری طبی امداد کے لیے جناح اسپتال لیجایا گیا۔
ملیر سٹی پولیس کے مطابق واقعہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر پیش آیا ہے جس کی مزید معلومات حاصل کی جا رہی ہے۔