کراچی کے علاقے عوامی کالونی بند والی پٹی پر قائم چیک پوسٹ پر شرپسندوں کے حملے اور پولیس اہلکاروں پرمبینہ تشدد کا واقعہ پیش آیا۔
پولیس حکام کے مطابق واقعہ جمعرات کی شام پیش آیا تھا جبکہ متاثرہ اہلکاروں کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں نے فائرنگ کی اور چیک پوسٹ میں توڑ پھوڑ بھی کی ہے۔
پولیس حکام کا دعویٰ ہے کہ چوکی پر آکر کسی نے پولیس اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ نہیں بنایا۔
عوامی کالونی بند والی پٹی پر قائم چیک پوسٹ پر شرپسندوں کے حملے کا شکار اہلکاروں کا کہنا تھا کہ ہم پولیس اہلکاروں کو چھڑوانے آئے تو ہم پر بھی تشدد کیا گیا جبکہ ایس ایچ او عوامی کالونی اور ہیڈ محرر موقع پر پہنچے لیکن ہمارا ساتھ نہیں دیا۔
اہلکاروں کا کہنا تھا کہ ہم کیا مار کھانے کے لیے ڈیوٹی کرتے ہیں ہماری بھی عزت ہے، ہم پر کرسیاں مار مار کر تشدد کیا گیا۔
دریں اثنا عوامی کالونی پولیس چیک پوسٹ پر توڑ پھوڑ کے واقعے میں ملوث 9 ملزمان کو پولیس نے گرفتار کرلیا، واقعے کے بعد ڈی آئی جی ایسٹ زون کی جانب سے سخت نوٹس کیا گیا تھا اورواقعے میں ملوث ملزمان کو فل الفورگرفتار کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔
گرفتار ملزمان میں گل زمان ولد علی مراد، شعیب ولد علی مراد، زاہد ولد علی مراد، خالد ولد علی مراد، شاہد ولد علی مراد، وحید علی ولد غلام حسین، علی مراد ولد بیڑو، باہر شاہ ولد حاکم شاہ اور نظام ولد گل حسن شامل ہیں۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے 30 بور کے 4 پستول برآمد ہوئے ہیں۔