اسرائیل اور امریکا کی جانب سے جنگ مسلط کرنے کے جواب میں ایران نے مارچ سے آبنائے ہرمز کو بند کر رکھا ہے جو تیل و گیس کی اہم آبی گزرگاہ ہے، اس کی بندش سے ایندھن کی قلت اور قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یورو کرنسی استعمال کرنے والے 21 ممالک میں مہنگائی کی شرح ستمبر میں بڑھ کر 3.8 فیصد ہوگئی جو تین سال کے دوران بلند ترین سطح ہے جس کی وجہ ایندھن کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہے۔
یورپی یونین کے اعداد و شمار کے ادارے کے مطابق اگست میں یورو زون میں مہنگائی کی شرح 3.2 فیصد تھی جو ایک ماہ کے دوران نمایاں اضافے کو ظاہر کرتی ہے۔ ستمبر کی شرح ماہرین اقتصادیات کی 3.7 فیصد کی پیش گوئی سے بھی زیادہ رہی۔
ایندھن کی قیمتوں میں سالانہ بنیاد پر 18.8 فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ اگست میں یہ اضافہ 14.3 فیصد تھا جس سے خوراک اور مشروبات کی قیمتوں میں اضافے کی شرح بھی 1.1 فیصد سے بڑھ کر 1.4 فیصد ہوگئی۔
دوسری جانب بنیادی مہنگائی، جس میں توانائی اور خوراک جیسی اتار چڑھاؤ والی اشیا شامل نہیں ہوتیں، ستمبر میں 2.5 فیصد رہی، جو اگست کی 2.4 فیصد شرح سے کچھ زیادہ ہے۔
یورو زون میں مہنگائی کی شرح آخری مرتبہ ستمبر 2023 میں 3.8 فیصد سے زیادہ ریکارڈ کی گئی تھی، جب یہ 4.3 فیصد تک پہنچ گئی تھی۔
مہنگائی میں حالیہ اضافے نے یورپی مرکزی بینک کے لیے بھی مشکلات بڑھا دی ہیں کیونکہ اس کا ہدف مہنگائی کو 2 فیصد کے قریب رکھنا ہے۔ شرح سود میں بھی مزید اضافے کا امکان موجود ہے۔