پرواز سے آف لوڈنگ جاری؛ مسافروں اور ایف آئی اے میں تلخ کلامی کے واقعات بڑھ گئے

ایف آئی اے نے موبائل فون پر ویڈیوز بنانے اور عملے سے بدکلامی پر ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس کو طلب کرلیا


طالب فریدی October 03, 2026
1129 مسافروں کو جعلی دستاویزات پر آف لوڈ کر کے متعلقہ تھانوں میں منتقل کیا، حکام—فائل فوٹو

لاہور:

علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مسافروں کی لو پروفائلنگ کے دوران آف لوڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث مسافروں کے احتجاج اور ایف آئی اے عملے سے تلخ کلامی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔

ایف آئی اے نے موبائل فون پر ویڈیوز بنانے اور عملے سے بدکلامی پر ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس کو طلب کرلیا۔

ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق کولمبو جانے والے 2 مسافروں عمر اور ابوبکر کی ایف آئی اے کی جانب سے آف لوڈنگ پر احتجاج کی ویڈیو بھی سامنے آئی ہے۔ دونوں مسافر سری لنکن ایئرلائن کی پرواز یو ایل 154 کے ذریعے کولمبو روانہ ہورہے تھے۔

دونوں مسافروں نے ایئرلائن کاؤنٹر سے بورڈنگ کارڈ حاصل کیے اور امیگریشن کلیئرنس کے لیے پہنچے، تاہم ایف آئی اے حکام نے لو پروفائلنگ کے دوران دونوں مسافروں کو روک کر سری لنکا جانے سے منع کردیا۔

اس موقع پر مسافروں اور ایف آئی اے عملے کے درمیان تلخ کلامی ہوئی، جبکہ دونوں مسافروں نے احتجاج کرتے ہوئے عملے کی ویڈیو بنانے کی کوشش کی۔ اس پر اے ایس ایف اہلکار موقع پر پہنچ گئے۔ مسافروں کا کہنا تھا کہ ان کی سفری دستاویزات مکمل ہیں، اس کے باوجود انہیں آف لوڈ کیا جارہا ہے۔

صورتحال پر ایف آئی اے حکام نے اے ایس ایف عملے کو طلب کرلیا، جس کے بعد دونوں مسافروں کو ایئرلائن کاؤنٹر پر لے جایا گیا۔ اے ایس ایف عملے نے دونوں مسافروں کو آف لوڈنگ پروفارما فراہم کیا اور بعد ازاں انہیں کنٹرول روم منتقل کردیا۔

لاہور ایئرپورٹ پر مسافر عمر اور ابوبکر کو اے ایس ایف نے قانونی کارروائی کے بعد گھر جانے کی اجازت دے دی۔ ایف آئی اے کی جانب سے مسافروں کو روانگی سے قبل متعلقہ حکام سے پری امیگریشن کے عمل میں سفری دستاویزات چیک کروانے کی ہدایت بھی کی گئی۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق پری امیگریشن کے ذریعے روانگی سے قبل سفری دستاویزات میں کسی ممکنہ مسئلے کی صورت میں مسافروں کو پہلے ہی آگاہ کیا جائے گا۔