سبزے کے قریب رہیے اور کم عمر نظر آئیے

سبزہ زار کے قریب رہنے والے افراد حیاتیاتی طور پر اوسطاً ڈھائی سال کم عمر ہوسکتے ہیں


ویب ڈیسک October 04, 2026

گھروں کے آس پاس موجود پارکس، درخت اور سبزہ صرف ماحول کو خوبصورت نہیں بناتے بلکہ ایک تحقیق نے ہریالی اور انسان کی حیاتیاتی عمر کے درمیان بھی ممکنہ تعلق کی نشاندہی کی ہے۔

تحقیق کے مطابق زیادہ سبزہ زار کے قریب رہنے والے افراد حیاتیاتی طور پر اوسطاً ڈھائی سال کم عمر ہوسکتے ہیں۔ اس تحقیق میں اسپین اور امریکا سے تعلق رکھنے والی تحقیقی ٹیموں نے سبز ماحول اور حیاتیاتی عمر کے درمیان تعلق کا جائزہ لیا۔

نارتھ ویسٹرن یونیورسٹی کے فینبرگ اسکول آف میڈیسن سے وابستہ پوسٹ ڈاکٹریٹ اسکالر اور تحقیق کے مرکزی مصنف کیزو کم کے مطابق گھر کے اطراف زیادہ سبزہ موجود ہونا کسی شخص کو اس کی اصل عمر سے کم عمر رہنے میں مدد دے سکتا ہے۔

تحقیقی ٹیم نے 1986 سے 2006 کے دوران امریکا کے چار شہروں میں رہنے والے 924 افراد کے گھروں کے پتے کا جائزہ لیا۔ مقصد یہ جاننا تھا کہ ان افراد کی رہائش گاہیں پارکس اور پودوں والے علاقوں سے کتنی قریب تھیں۔

محققین نے رہائشی علاقوں سے متعلق اس معلومات کو اسی عرصے میں حاصل کیے گئے خون کے نمونوں کے ساتھ ملایا۔ تجزیے کے دوران تعلیم، آمدنی اور تمباکو نوشی سمیت کئی دیگر عوامل کو بھی مدنظر رکھا گیا تاکہ سبز ماحول اور حیاتیاتی عمر کے تعلق کو بہتر طور پر سمجھا جاسکے۔

نتائج میں بتایا گیا کہ پانچ کلومیٹر کے دائرے میں صرف 20 فیصد سبز احاطے والے علاقوں میں رہنے والے افراد، ایسے گھروں میں رہنے والوں کے مقابلے میں حیاتیاتی طور پر تقریباً ڈھائی سال زیادہ عمر کے تھے جہاں اردگرد 30 فیصد سبزہ موجود تھا۔

محققین کے مطابق اس فرق کی ایک ممکنہ وجہ یہ ہوسکتی ہے کہ سبز علاقوں میں رہنے والے افراد کو سماجی میل جول اور جسمانی سرگرمی کے زیادہ مواقع ملتے ہیں۔

شہری پارکس اور سرسبز مقامات گرمی کی شدت کم کرنے، حیاتیاتی تنوع کو فروغ دینے اور شہری ماحول میں سکون کا احساس پیدا کرنے میں بھی کردار ادا کرتے ہیں۔ اسی لیے ماہرین کے مطابق سبز جگہوں تک رسائی مجموعی صحت اور طرزِ زندگی کے کئی پہلوؤں پر اثرانداز ہوسکتی ہے۔