چین: کمر کا کامیاب آپریشن، تین نومولودوں کے وزن کے برار گانٹھ نکال دی

ڈاکٹروں نے کامیابی کے ساتھ پوری گانٹھ کو ایک ہی ٹکڑے میں نکالا


ویب ڈیسک October 04, 2026

چین میں ایک شخص کی کمر سے تین نومولود بچوں کے وزن کے برار گانٹھ ثابت حالت میں نکال دی گئی۔

چین کے شہر لہاسا میں ایک 71 سالہ شخص تقریباً 30 سال سے اپنی کمر پر موجود اس چربی کی گانٹھ کے ساتھ زندگی گزار رہا تھا لیکن جب اس کا سائز اچانک بہت زیادہ بڑھ گیا تو اسے اسپتال داخل کرایا گیا۔

گزشتہ دو سال کے دوران گانٹھ تیزی سے بڑھ رہی تھی اور اس کی وجہ سے مریض کی کمر اور کندھے کے پٹھوں پر دباؤ پڑ رہا تھا۔

یہ بڑی اور نرم گانٹھ اس کے بائیں کندھے سے لے کر کمر کے نچلے حصے تک پھیلی ہوئی تھی جبکہ اس کی سطح پر خون کی باریک رگیں بھی نظر آ رہی تھیں۔

گانٹھ کا سائز بہت زیادہ ہونے کی وجہ سے ڈاکٹروں نے آپریشن کرکے اسے نکالنے کا فیصلہ کیا۔

ڈاکٹروں نے بتایا کہ گانٹھ کا وزن تقریباً 10 کلوگرام تھا۔ یہ تقریباً تین ایسے نومولود بچوں کے برابر وزن ہے جن میں سے ہر ایک کا وزن اوسطاً 3.17 کلوگرام ہو۔

گانٹھ کا سائز 56 × 54 × 28 سینٹی میٹر تھا، جو ہوائی جہاز کے کیبن میں لے جانے والے عام بیگ سے کچھ بڑی تھی۔

گانٹھ نکالنے کے لیے سرجنوں نے پہلے اس کے اوپر چیرا لگایا پھر اسے بہت احتیاط سے تہہ در تہہ الگ کیا اور اسے خون پہنچانے والی رگوں کو باندھ دیا۔

حیرت انگیز طور پر ڈاکٹر اس پوری گانٹھ کو ایک ہی ٹکڑے میں نکالنے میں کامیاب ہوگئے۔

گانٹھ اتنی بڑی ہونے کے باوجود آپریشن کے دوران مریض کے جسم سے صرف 100 ملی لیٹر خون ضائع ہوا۔