فرانس کے جوہری طیارہ بردار بحری جہاز میں آگ بھڑک اٹھی

فرانسیسی بحریہ نے واقعے کی مکمل تحقیقات جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے


ویب ڈیسک October 06, 2026

فرانس کے جوہری توانائی سے چلنے والے طیارہ بردار بحری جہاز چارلس ڈی گال میں آگ لگ گئی تاہم واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور جوہری تنصیبات بھی محفوظ رہیں۔

فرانسیسی بحریہ کے مطابق آگ پیر کی صبح ٹولون نیول بیس پر کھڑے طیارہ بردار بحری جہاز میں لگی جسے کئی گھنٹوں کی کوشش کے بعد بجھا دیا گیا۔

فرانسیسی بحریہ کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق آگ ممکنہ طور پر آکسی ایسیٹیلین ٹارچ سے کٹنگ کے کام کے دوران لگی۔

حکام کے مطابق واقعے میں کسی شخص کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی جبکہ جہاز کے جوہری نظام پر بھی کوئی اثر نہیں پڑا۔

فرانسیسی بحریہ نے واقعے کی مکمل تحقیقات جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ چارلس ڈی گال اگست کے آخر سے ٹولون میں معمول کی تکنیکی دیکھ بھال کے لیے موجود ہے اور اسے دسمبر کے آغاز تک وہیں رہنا ہے۔