چیٹ جی پی ٹی کی تحریروں میں خفیہ اشارے شامل کرنے کا اعلان!

اِن سگنلز کی مدد سے یہ معلوم کیا جا سکے گا کہ تحریر مصنوعی ذہانت کے ذریعے تیار کی گئی ہے


ویب ڈیسک October 07, 2026

اوپن اے آئی نے اعلان کیا ہے کہ چیٹ جی پی ٹی سے تیار ہونے والے متن میں اب ایسے خفیہ سگنلز شامل کیے جائیں گے جن کی مدد سے یہ معلوم کیا جا سکے گا کہ تحریر مصنوعی ذہانت کے ذریعے تیار کی گئی ہے۔

کمپنی کے مطابق ایسی ٹیکسٹ واٹرمارکنگ ٹیکنالوجی متعارف کرا جا رہی ہے جو چیٹ جی پی ٹی کے تیار کردہ متن کے الفاظ کے انتخاب میں معمولی اور بظاہر غیر محسوس تبدیلیاں کرے گی۔ یہ تبدیلیاں عام قاری کو نظر نہیں آئیں گی لیکن خودکار نظام ان خفیہ سگنلز کی نشاندہی کر سکیں گے۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب اینتھروپک نے بھی اپنے اے آئی ماڈل کلاؤڈ میں اسی نوعیت کی ٹیکنالوجی شامل کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اس فیصلے پر بعض صارفین کی جانب سے اعتراض سامنے آیا جن کا کہنا تھا کہ یہ نظام قابلِ اعتماد نہیں ہوگا اور اے آئی کے کام کرنے کے طریقے میں غیر ضروری مداخلت ہے۔

اوپن اے آئی اور اینتھروپک دونوں نے یہ اقدام یورپی یونین کے اے آئی ایکٹ کے تحت کیا ہے، جس کے مطابق جنریٹو اے آئی مصنوعات تیار کرنے والی کمپنیوں کو اپنے تیار کردہ مواد کو ایسے طریقوں سے قابلِ شناخت بنانا ہوگا جنہیں خودکار نظام کے ذریعے معلوم کیا جا سکے۔

البتہ، اینتھروپک کے برعکس اوپن اے آئی فی الحال یہ واٹرمارک صرف یورپی یونین میں شامل کر رہی ہے۔

اوپن اے آئی نے اپنی ٹیکنالوجی کا نام ’ٹیکسٹ گرین‘ (textGrain) رکھا ہے۔

کمپنی کے مطابق یہ ٹیکنالوجی چیٹ جی پی ٹی کے الفاظ منتخب کرنے کے عمل میں ایک نا دِکھنے والا شماریاتی سگنل شامل کرتی ہے جس کے ذریعے اے آئی سے تیار کردہ متن کی شناخت ممکن ہو سکے گی۔