لاہور: اے ٹی ایم سے چھیڑخانی کرکے رقم نکلوانے والا 3 رکنی گینگ گرفتار

ملزمان کا ایک سال کے دوران مختلف علاقوں میں 12 سے زائد وارداتیں کرنے کا انکشاف


اسٹاف رپورٹر October 07, 2026

لاہور:

تھانہ وحدت کالونی کی حدود میں اے ٹی ایم سے چھیڑخانی کے ذریعے رقم نکلوانے والا 3 رکنی گینگ گرفتار کرلیا گیا۔

انویسٹی گیشن پولیس کے مطابق تینوں ملزمان میٹرک فیل ہیں اور انہیں جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ٹریس کرکے چونیاں سے گرفتار کیا گیا۔ ملزمان نے ایک سال کے دوران مختلف علاقوں میں 12 سے زائد وارداتیں کرنے کا انکشاف کیا ہے۔

پولیس کے مطابق ملزمان نے اے ٹی ایم مشین میں رقم نکلوانے کے لیے مختلف طریقہ واردات اختیار کر رکھا تھا۔ ایک ملزم اے ٹی ایم میں کارڈ پھنس جانے کا ڈرامہ کرتا، جبکہ باہر کھڑے دو ملزمان انجان بن کر شہریوں سے ضروری معلومات حاصل کرتے تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان اے ٹی ایم مشین کا لینگویج موڈ تبدیل کردیتے تھے، جس کے باعث سسٹم کو بحال ہونے میں 10 منٹ سے زائد وقت لگتا تھا۔ اس دوران اے ٹی ایم سے رقم نکلوانے کی کوشش کرنے والے شہریوں کے کارڈ مشین میں پھنس جاتے تھے۔

پولیس کے مطابق ملزمان نے ایک خاتون کو نوسربازی کے ذریعے اے ٹی ایم سے 19 ہزار روپے نکلوانے کا بھی انکشاف کیا ہے۔ بزرگ خاتون کی درخواست پر تھانہ وحدت کالونی میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

انویسٹی گیشن پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے، جس کے دوران مزید وارداتوں کا بھی انکشاف متوقع ہے۔