اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن (او پی ایف) نے لاہور ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) سے او پی ایف ہاؤسنگ اسکیم فیز ون ایکسٹینشن، موضع بھوٹیاں کو پائن ایونیو اور رائیونڈ روڈ سے ملانے والی لنک سڑکوں کی تعمیر جلد مکمل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
او پی ایف کے ڈائریکٹر جنرل (ہاؤسنگ اینڈ ورکس) محمد شہریار بٹ کی جانب سے ڈی جی ایل ڈی اے کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ او پی ایف نے اپنی توسیعی اسکیم کے اندر منظور شدہ لے آؤٹ پلان کے مطابق 80 فٹ چوڑی ڈوئل کیریج وے تعمیر کر دی ہے، تاہم پائن ایونیو اور رائیونڈ روڈ کی جانب جانے والے سڑک کے باقی حصے تاحال مکمل نہیں کیے گئے۔
خط کے مطابق مذکورہ باقی سڑکیں ایل ڈی اے کے دائرہ اختیار میں آتی ہیں اور ان کی عدم تکمیل کے باعث ہاؤسنگ اسکیم کے رہائشیوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ او پی ایف کے مطابق اسکیم کے زیادہ تر رہائشی اوورسیز پاکستانی ہیں اور وہ اس معاملے پر بارہا اپنی تشویش کا اظہار کر چکے ہیں۔
او پی ایف نے ایل ڈی اے سے مطالبہ کیا ہے کہ کافی عرصہ گزرنے کے باعث اب ان مسنگ لنک روڈز کی تعمیر فوری طور پر شروع کرکے جلد مکمل کی جائے، تاکہ ہاؤسنگ اسکیم تک آمدورفت بہتر ہو اور اوورسیز پاکستانیوں سے کیے گئے وعدے پورے کیے جا سکیں۔
خط کے ساتھ منسلک نقشے میں او پی ایف ہاؤسنگ اسکیم فیز ون ایکسٹینشن کے درمیان تعمیر شدہ 80 فٹ چوڑی ڈوئل کیریج وے جبکہ رائیونڈ روڈ اور پائن ایونیو/والنڈیا روڈ کی جانب زیر تعمیر لنک روڈز کی نشاندہی بھی کی گئی ہے۔