بھارتی شہر کانپور کے رہائشی نے تھائی لینڈ کی ایک خاتون کو محبت کے جال میں پھنسا کر ان سے لاکھوں روپے ہتھیالیے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی نژاد تاجر عرفان کی تھائی لینڈ میں ریسٹورنٹ اور کینٹین چلانے والی تھائی خاتون اپسورن سے سوشل میڈیا کے ذریعے دوستی ہوئی تھی۔
جو محبت میں بدل گئی اور پھر دونوں نے شادی کا فیصلہ کیا جس کے لیے عرفان خود تھائی لینڈ گیا اور دو سال قبل اپسورن سے شادی کرلی۔
اپسورن کا کہنا ہے کہ اُس وقت عرفان نے خود کو غیر شادی شدہ بتایا تھا اور مجھ سے کاروباری ضروریات کے نام پر رقم مانگنا شروع کی۔
تھائی خاتون کے بقول جس پر میں نے اپنے کاروبار کی آمدنی سے اور رشتہ داروں سے ادھار لے کر عرفان کو تقریباً 60 لاکھ روپے دیے۔
تھائی خاتون نے بھارتی پولیس کو بتایا کہ یہ رقم لینے کے بعد عرفان کاروبار کرنے کے بہانے بھارت چلا آیا اور مجھ سے رابطہ ختم کردیا۔
خاتون کے بقول کئی ماہ تک شوہر سے رابطہ نہ ہونے پر وہ 6 اکتوبر کو کانپور پہنچی اور عرفان کے گھر بھی گئی جہاں یہ حقیقت جان کر حیران رہ گئی کہ وہ شادی شدہ ہے۔
تھائی خاتون نے پولیس کو مزید بتایا کہ عرفان 12 سال سے شادی شدہ ہے اور اس کے ین بچے بھی ہیں جب کہ اس نے مجھ سے جھوٹ بولا تھا۔
خاتون نے الزام عائد کیا کہ رقم واپس مانگنے پر عرفان نے اسے مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا اور کہا کہ اگر وہ اس کے ساتھ رہنا یا اپنی رقم واپس لینا چاہتی ہے تو اسے اسلام قبول کرنا ہوگا۔
پولیس نے خاتون کی شکایت پر مقدمہ درج کرکے عرفان کو گرفتار کرکے شادی کے کاغذات، بینک لین دین اور تشدد کے الزامات کے تحت تفتیش کا آغاز کردیا۔