ایک نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ کم آمدنی والے خاندانوں میں پرورش پانے والے افراد میں زندگی کے بعد کے حصے میں دل کی شریانوں میں ایتھروسکلروسس (شریانوں میں چربی اور پلاک جمع ہونے) کا خطرہ زیادہ ہو سکتا ہے۔
سویڈن کے کیرولِنسکا انسٹیٹیوٹ کی جانب سے کی گئی یہ تحقیق جرنل آف دی امیریکن ہارٹ ایسوسی ایشن میں شائع ہوئی۔
محققین نے سویڈن کی آبادی پر مبنی SCAPIS تحقیق کے 15 ہزار 640 افراد کے اعداد و شمار کا جائزہ لیا جن کی عمریں 50 سے 64 سال کے درمیان تھیں۔
محققین نے شرکا کے 10 سے 12 سال کی عمر کے دوران ان کے خاندان کی آمدنی کا جائزہ لیا اور تقریباً 50 سال بعد کیے گئے دل کی شریانوں کے سی ٹی اسکینز کے نتائج سے اس کا موازنہ کیا۔
نتائج کے مطابق کم ترین آمدنی والے خاندانوں میں پرورش پانے والے افراد میں زیادہ آمدنی والے خاندانوں کے افراد کے مقابلے میں دل کی شریانوں میں درمیانے سے شدید درجے کے ایتھروسکلروسس کے شواہد ملنے کا امکان زیادہ تھا۔
عمر، جنس اور دیگر عوامل کو مدنظر رکھنے کے بعد کم آمدنی والے خاندانوں سے تعلق رکھنے والے افراد میں اس بیماری کے امکانات 43 فی صد زیادہ تھے جبکہ طرزِ زندگی، جوانی میں سماجی و معاشی حالات اور دیگر معلوم خطرے کے عوامل کو بھی شامل کرنے کے بعد یہ فرق 31 فی صد برقرار رہا۔
محققین کے مطابق نتائج اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ بچپن کے سماجی و معاشی حالات کا اثر دل کی صحت پر کئی دہائیوں بعد بھی نظر آ سکتا ہے۔