آسٹریلیا کی جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل سپر اسپورٹ نے 2018 کے بدنام زمانہ بال ٹیمپرنگ اسکینڈل کی یاد تازہ کردی۔
براڈکاسٹر نے سوشل میڈیا پر ایک مختصر پرومو جاری کرتے ہوئے اپنے کیمروں کو تین میچز کی سیریز کے دوران ’شارپ‘ رہنے کا پیغام دیا جسے کرکٹ شائقین نے کیپ ٹاؤن کے سینڈ پیپر واقعے سے جوڑ لیا۔
24 مارچ 2018 کو نیولینڈز میں سپر اسپورٹ کے کیمروں نے آسٹریلوی بلے باز کیمرون بینکرافٹ کو گیند کے ساتھ ایک زرد رنگ کی چیز استعمال کرتے ہوئے ریکارڈ کیا تھا۔
بعد میں سامنے آنے والی فوٹیج نے بال ٹیمپرنگ اسکینڈل کو جنم دیا جس کے نتیجے میں اس وقت کے کپتان اسٹیو اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر سمیت کئی کھلاڑیوں کو سخت کارروائی کا سامنا کرنا پڑا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ آسٹریلیا کی موجودہ ٹیم میں پیٹ کمنز، مچل اسٹارک، جوش ہیزل ووڈ اور نیتھن لائن بھی شامل ہیں جو 2018 کے دورے کا حصہ تھے تاہم اسٹیو اسمتھ اب کمنز کے نائب کپتان ہیں۔
تین ٹیسٹ میچز کی موجودہ سیریز کا آغاز 9 اکتوبر کو ڈربن میں ہوگا جبکہ دوسرا ٹیسٹ 18 اکتوبر سے گیقبرحا میں کھیلا جائے گا۔
تاہم سب کی نظریں تیسرے ٹیسٹ پر ہوں گی جو 27 اکتوبر سے دوبارہ نیولینڈز میں ہوگا جہاں سینڈ پیپر گیٹ اسکینڈل سامنے آیا تھا۔
یہ آسٹریلیا کا 2018 کے واقعے کے بعد اس تاریخی میدان میں پہلا ٹیسٹ ہوگا جہاں سپر اسپورٹ کے کیمرے ایک بار پھر موجود ہوں گے۔