گیم بنانے کے لیے اب ضروری نہیں کہ ہر شخص کو پروگرامنگ یا پیچیدہ کوڈنگ کی مہارت حاصل ہو۔ گوگل نے ایک تجرباتی اے آئی ٹول کے ذریعے ایسے صارفین کے لیے گیم تخلیق کرنے کا عمل آسان بنانے کی کوشش کی ہے جو صرف اپنے ذہن میں موجود تصور کو کھیل کی شکل دینا چاہتے ہیں۔
گوگل کے پلے گراؤنڈ نامی اس تجرباتی اے آئی ٹول میں صارف کو بنیادی طور پر اپنی گیم کا خیال، مطلوبہ آرٹ اسٹائل اور مشینز سے متعلق پرومپٹ فراہم کرنا ہوگا۔ اس کے بعد ٹول ان ہدایات کو ایک قابلِ کھیل گیم میں تبدیل کرنے کی کوشش کرے گا۔
گیم تیار ہوجانے کے بعد صارف اس میں اپنی مرضی کے مطابق تبدیلیاں بھی کرسکیں گے۔ گوگل پلے گراؤنڈ کی جانب سے پہلے سے مختلف پرومپٹس بھی فراہم کیے جائیں گے جنہیں تبدیل کرکے صارف نئی گیمز کے آئیڈیاز آزما سکیں گے، جبکہ ٹول خود بھی اس عمل کے دوران رہنمائی فراہم کرے گا۔
تیار کردہ گیم صرف خود کھیلنے تک محدود نہیں ہوگی۔ صارف اسے دوستوں کے ساتھ شیئر کرنے کے علاوہ پلے گراؤنڈ گیلری میں شائع بھی کرسکیں گے۔ اسی پلیٹ فارم پر دوسرے صارفین کی تیار کردہ گیمز کھیلنے کا آپشن بھی موجود ہوگا۔
چونکہ پلے گراؤنڈ گیمز براؤزر پر مبنی ہوں گی، اس لیے انہیں موبائل فون یا لیپ ٹاپ پر کھیلا جاسکے گا۔ پلے گراؤنڈ ایپ صارف کے پلے گیمز اکاؤنٹ سے بھی منسلک ہوگی، جس کے ذریعے پسندیدہ گیمز کو لائیک کرنے اور دوسرے صارفین کو فالو کرنے کی سہولت ملے گی تاکہ ان کی نئی تخلیقات دیکھی جاسکیں۔
فی الحال یہ تجرباتی اے آئی ٹول امریکا میں ویب سائٹ کے ذریعے 18 سال سے زائد عمر کے صارفین کے لیے دستیاب ہوگا۔