راولپنڈی کارڈیالوجی اسپتال کی اسٹاف نرس پر تشدد کا کیس، ملزمہ کی عبوری ضمانت کنفرم

نرس اور ملزمہ کے درمیان جھگڑے پر خاتون کی گرفتاری کا کوئی جواز نہیں بنتا۔، عدالت کے ریمارکس


قیصر شیرازی October 09, 2026

راولپنڈی میں انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی اسٹاف نرس پر تشدد کے مقدمے میں عدالت نے ملزمہ زربینہ بی بی کی عبوری ضمانت کنفرم کر دی۔

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج قاسم جاوید نے فیصلہ سناتے ہوئے ملزمہ کو7 روز میں30 ہزار روپے مالیت کے ضمانتی مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ نرس اور ملزمہ کے درمیان جھگڑے پر خاتون کی گرفتاری کا کوئی جواز نہیں بنتا۔

مقدمے کے مطابق زربینہ بی بی اسپتال میں داخل ایک مریضہ کی رشتہ دار تھی، جہاں علاج معالجے کے معاملے پر اس کا اسٹاف نرس ستارہ سلیم سے جھگڑا ہوگیا تھا۔ نرس نے ملزمہ کے خلاف تشدد اور کپڑے پھاڑنے کا مقدمہ درج کروایا تھا۔

ملزمہ نے مقدمے میں عبوری ضمانت حاصل کر رکھی تھی، جسے آج عدالت نے کنفرم کر دیا۔ سماعت کے موقع پر اسٹاف نرس ستارہ سلیم بھی عدالت میں موجود تھیں۔