کراچی:
سفاری پارک میں بیمار ہتھنی مدھوبالا کا غیر ملکی ماہرین کی ٹیم نے طبی معائنہ کرلیا۔ فورپاز کے ڈاکٹر عامر خلیل کی سربراہی میں ٹیم نے ہتھنی کے خون کے نمونے حاصل کیے ہیں، جن کی جانچ جاری ہے، جبکہ مدھوبالا کے علاج اور خصوصی نگہداشت کا بھی جائزہ لیا گیا۔
ڈاکٹر عامر خلیل نے ایکسپریس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ 22 سالہ ہتھنی مدھوبالا گزشتہ سال سے مختلف بیماریوں کا شکار ہے اور مسلسل علالت کے باعث اس کی جسمانی صحت اور مدافعتی نظام متاثر ہوا ہے۔ مدھوبالا اب تپِ دق (ٹی بی) سے پاک ہے، تاہم بیماری کے اثرات کے باعث اسے صحت کے سنگین مسائل کا سامنا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مدھوبالا کی پچھلی ٹانگوں میں کمزوری، ٹانگوں پر سوجن اور ناخنوں میں دراڑیں تشویش کا باعث ہیں۔ ان مسائل کے باعث ہتھنی کی نقل و حرکت متاثر ہوئی ہے اور اس کی پچھلی ٹانگوں میں اتنی طاقت نہیں کہ وہ آسانی سے خود کھڑی ہوسکے۔ اگر وہ گر جائے تو اسے دوبارہ اٹھانے کے لیے کرین کی مدد بھی درکار ہوسکتی ہے۔
ڈاکٹر عامر خلیل کے مطابق مدھوبالا کا وزن مسلسل کم ہو رہا ہے، حالانکہ اس میں بیکٹیریل انفیکشن موجود نہیں۔ ہتھنی کو مکمل صحت یاب ہونے میں مزید کئی ہفتے لگ سکتے ہیں، تاہم اس کی صحت میں بہتری کے آثار نظر آرہے ہیں۔ مناسب علاج اور بھرپور نگہداشت سے اس کی حالت بہتر ہونے کی امید ہے۔
انہوں نے کہا کہ مدھوبالا کے علاج کے لیے صرف ادویات کافی نہیں بلکہ غذائیت، فزیوتھراپی اور خصوصی دیکھ بھال بھی ضروری ہے۔ ہتھنی کو ملٹی وٹامنز، معدنیات اور غذائی سپلیمنٹس فراہم کرنے کے ساتھ جگر کی صحت بہتر بنانے کے لیے بھی خصوصی غذائی سپلیمنٹس پر توجہ دی جائے گی۔
ڈاکٹر عامر خلیل کا کہنا تھا کہ مدھوبالا کی ٹانگوں کے پٹھوں میں خون کی گردش بہتر بنانے کے لیے روزانہ پانی سے مساج اور فزیوتھراپی کرائی جائے گی، جبکہ تیراکی بھی علاج کا اہم حصہ ہوگی تاکہ ہتھنی اپنی ٹانگوں کو حرکت دے سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہاتھی خاص نوعیت کے جانور ہیں اور انہیں انجکشن لگانا بھی آسان نہیں ہوتا، اس لیے ان کے علاج میں خصوصی مہارت درکار ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مدھوبالا کو انتہائی نگہداشت کی ضرورت ہے اور اس کی صحت کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ پاکستانی اور غیر ملکی ماہرین مشترکہ کوششوں کے ذریعے ہتھنی کی حالت بہتر بنانے کے لیے کام کر رہے ہیں، تاہم مکمل صحت یابی میں کئی ہفتے لگ سکتے ہیں۔