پی آئی اے کے بیڑے میں جدید ترین بوئنگ 787 طیاروں کا اضافہ

نئی انتظامیہ بین الاقوامی پروازوں کے نیٹ ورک کو جدید خطوط پر استوار کر نے کے لیے اقدامات کر رہی ہے، ترجمان پی آئی اے


آفتاب خان October 09, 2026
فوٹو: پی آئی اے

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے اپنے بیڑے میں جدید ترین بوئنگ 787 طیاروں کے اضافہ کے لیے غیرملکی کمپنی سے معاہدہ کرلیا ہے۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق پی آئی اے اور نورس اٹلانٹک کے درمیان دو بوئنگ 9-787 ڈریم لائنرز طیاروں کے حصول کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جدید طیاروں کا حصول پی آئی اے کی نئی انتظامیہ کا مسافروں کو جدید سہولیات فراہم کرنے کے عزم کا اظہار ہے اور بوئنگ 9-787 ڈریم لائنرز ساختہ طیارے پہلی مرتبہ پاکستانی ایوی ایشن انڈسٹری کا حصہ بن رہے ہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ نئے ڈریم لائنرز طیاروں کے ذریعے برطانیہ کے فضائی آپریشن میں اضافہ کیا جائے گا، جدید ترین انٹرٹینمنٹ سسٹم اور کیبن سے لیس طیارے نومبر 2026 کے آغاز سے برطانیہ اور یورپ کے روٹس آپریٹ کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کی نئی انتظامیہ بین الاقوامی پروازوں کے نیٹ ورک کو جدید خطوط پر استوار کر نے کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔