راولپنڈی، لاہور میں بچیوں سے مبینہ زیادتی کی کوشش کے 3 واقعات، ملزمان گرفتار

پولیس نے تینوں واقعات میں ملوث ملزمان کیخلاف مقدمات درج کرلیے


ویب ڈیسک October 10, 2026
فوٹو: فائل

راولپنڈی/ لاہور:

راولپنڈی اور لاہور میں کم عمر بچیوں سے مبینہ زیادتی کی کوشش کے تین مختلف واقعات پیش آئے ہیں، پولیس نے تینوں واقعات میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے مقدمات درج کرلیے۔

راولپنڈی کے علاقے رینج روڈ پر 8 سالہ نمکو فروش بچی سے پلازے میں مبینہ زیادتی کی کوشش کی گئی۔ ذرائع کے مطابق بچی کے شور مچانے پر ملزم فرار ہوگیا جس کے بعد بچی کی والدہ نے پولیس کو اطلاع دی، پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ اہلکاروں کے پہنچنے سے قبل ملزم فرار ہوچکا تھا۔ تھانہ نصیر آباد پولیس نے ملزم سلیم کو ٹریس کرکے گرفتار کرلیا اور اس کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔

لاہور کے علاقے گرین ٹاؤن میں بھی دم کرنے کے بہانے لڑکی سے مبینہ زیادتی کی کوشش کا واقعہ پیش آیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق ملزم یونس علی نے دم کرنے کے بہانے لڑکی سے زیادتی کی کوشش کی اور اہلخانہ کے دیگر افراد کو بھی ورغلانے کی کوشش کرتا رہا، گرین ٹاؤن پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا جبکہ کیس جینڈر سیل کے حوالے کردیا گیا ہے۔

لاہور ہی کے علاقے سبزہ زار میں 9 سالہ بچی کو مبینہ جنسی زیادتی سے بچا لیا گیا۔ ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق بچی گھر سے دودھ لینے نکلی تھی کہ ملزم بلال شوکت، جو اس کا ہمسایہ ہے، اسے ورغلا کر قبرستان لے گیا۔ بچی کے شور مچانے پر ملزم نے فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم پولیس نے اسے گرفتار کرلیا، پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کردیا ہے۔