خیبرپختونخوا پولیس نے ہنگامہ آرائی، مظاہروں سے نمٹنے کیلئے تحریری آپریشنل ہدایات جاری کردیں

عوام کو خبردار کیا جاتا ہے کہ کسی بھی غیرقانونی اجتماع، پرتشدد سرگرمی یا اشتعال انگیزی کا حصہ بننے سے گریز کریں، پولیس


ویب ڈیسک October 10, 2026
فوٹو: فائل

خیبر پختونخوا پولیس نے صوبے میں ہنگامہ آرائی، احتجاج اور مظاہروں سے نمٹنے کے لیے تحریری آپریشنل ہدایات جاری کر دیں۔

خیبرپختونخوا پولیس کی جانب سے جاری ہدایات میں کہا گیا ہے کہ ہنگامہ آرائی، توڑ پھوڑ اور امن و امان کی صورت حال خراب کرنے میں ملوث عناصر سے قانون کے مطابق انتہائی سختی سے نمٹا جائے گا، کسی بھی ہنگامہ آرائی یا احتجاج کے دوران سرکاری تنصیبات، عمارتوں اور املاک کو کسی صورت نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

پولیس نے کہا کہ عوام کو خبردار کیا جاتا ہے کہ وہ کسی بھی غیرقانونی اجتماع، پرتشدد سرگرمی یا اشتعال انگیزی کا حصہ بننے سے گریز کریں، بصورت دیگر قانون کے مطابق سخت ترین قانونی کارروائی کی جائے گی، امن و امان میں خلل ڈالنے، سیکیورٹی فورسز یا عمارتوں پر حملے کرنے یا شہریوں کی جان و مال کو خطرے میں ڈالنے والے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی یقینی بنائی جائے گی۔

ہدایات میں کہا گیا ہے کہ شہری پرامن رہیں، قانون کی پاسداری کریں اور شرپسند عناصر کے بہکاوے میں نہ آئیں، پولیس اسٹیشنز، سرکاری عمارتوں، بینکوں، پیٹرول پمپس، تجارتی مراکز اور اہم شاہراہوں کے تحفظ کے لیے خصوصی انتظامات کیے جائیں گے۔

خیبرپختونخوا پولیس نے ہدایت کی ہے کہ احتجاج، مظاہروں اور کارروائیوں کی ویڈیو ریکارڈنگ کی جائے گی تاکہ بعد میں ضروری قانونی کارروائی میں مدد مل سکے، احتجاجی صورت حال سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطہ اور ہم آہنگی یقینی بنائی جائے گی۔