امریکی ریاست نے فرنچ فرائز کی بنانے کا عالمی ریکارڈ دوبارہ اپنے نام کر لیا

ریاست آئیڈاہو نے فرنچ فرائز کی سب سے بڑی مقدار تیار کرنے کا گنیز ورلڈ ریکارڈ دوبارہ اپنے نام کر لیا ہے


ویب ڈیسک October 11, 2026

امریکا کی ریاست آئیڈاہو نے فرنچ فرائز کی سب سے بڑی مقدار تیار کرنے کا گنیز ورلڈ ریکارڈ دوبارہ اپنے نام کر لیا ہے۔ آلو کی پیداوار کے لیے مشہور اس ریاست میں آئیڈاہو پوٹیٹو کمیشن اور فوڈ چین ’اسپڈ ڈیڈی‘ نے مل کر تقریباً 668.6 کلو گرام تازہ فرنچ فرائز تیار کیے۔

یہ ریکارڈ بنانے کی کوشش شہر بوائز میں منعقدہ ’بوائز پوٹیٹو ڈیز‘ کے دوران کی گئی، جس کے نتیجے میں یہ اعزاز آٹھ سال بعد بھارت سے واپس امریکا آ گیا۔

اس بڑے کارنامے کے لیے تقریباً 771.1 کلو گرام آئیڈاہو آلو استعمال کیے گئے جبکہ چھ ڈیپ فرائیرز اور تقریباً 50 افراد نے تیاری کے عمل میں حصہ لیا۔

اس سے قبل فرنچ فرائز کی سب سے بڑی مقدار تیار کرنے کا ریکارڈ بھارت کے پاس تھا، جہاں 2018 میں تقریباً 658.9 کلو گرام فرنچ فرائز تیار کیے گئے تھے۔

آئیڈاہو نے پہلی مرتبہ 2014 میں یہ ریکارڈ قائم کیا تھا، جب ایگل شہر میں واقع ٹوئن اوکس فارمز نے تقریباً 455 کلو گرام فرنچ فرائز تیار کیے تھے۔ بعد ازاں 2017 میں یونان نے یہ اعزاز حاصل کیا جبکہ اگلے سال بھارت نے اسے اپنے نام کر لیا۔

آئیڈاہو پوٹیٹو کمیشن کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر جیمی ہائیہم نے کہا کہ فرنچ فرائز کی سب سے بڑی مقدار تیار کرنے کا عالمی ریکارڈ آئیڈاہو ہی کے پاس ہونا چاہیے۔

ان کے مطابق ریاست کو ہمیشہ یقین رہا ہے کہ آئیڈاہو کے آلو بہترین فرنچ فرائز بنانے کے لیے موزوں ہیں، اس لیے یہ اعزاز واپس لانے کا مقصد آلو کے کاشت کاروں اور اس صنعت سے وابستہ افراد کی خدمات کو بھی سراہنا ہے۔