ریاض ایئرپورٹ پر حوثی حملے کی اقوام متحدہ کے سربراہ کی شدید مذمت

شہریوں اور اہم تنصیبات پر حملوں کے حوالے سے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے فوری طور پر حملے روکنے پر زور دیا ہے


ویب ڈیسک October 11, 2026

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں شاہ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حوثیوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے شہریوں اور شہری تنصیبات کے لیے مہلک حملہ قرار دیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں انتونیو گوتریس نے کہا کہ وہ ہفتے کے روز ریاض ایئرپورٹ پر ہونے والے حوثی حملے پر گہرے صدمے میں ہیں اور اس کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔

اقوام متحدہ کے سربراہ کے مطابق حملے میں اطلاعات کے مطابق 12 افراد ہلاک اور سیکڑوں شہری زخمی ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں اور شہری تنصیبات کو نشانہ بنانا بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے، ایسے حملے فوری طور پر بند ہونے چاہییں۔

انتونیو گوتریس کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ریاض ایئرپورٹ پر حملے کے بعد سعودی عرب کی حمایت میں مختلف ممالک کی جانب سے مذمتی بیانات جاری کیے جارہے ہیں۔

شہریوں اور اہم تنصیبات پر حملوں کے حوالے سے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے فوری طور پر حملے روکنے پر زور دیا ہے۔