خیبر پختونخوا میں گورنر راج کا نفاذ، پی ٹی آئی کا سہیل آفریدی کی گرفتاری کا دعویٰ

سہیل آفریدی وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں ہی موجود تھے، وزیراعلیٰ ہاؤس کسی کو جانے کی اجازت نہیں، ذرائع


ویب ڈیسک October 11, 2026
فوٹو: فائل

پشاور:

تحریک انصاف نے دعویٰ کیا ہے کہ خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کا نفاذ ہوتے ہی وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو گرفتار کر لیا گیا۔

صوبائی صدر جنید اکبر نے سوشل میڈیا پر دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کے بعد سے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سے ملاقاتوں پر پابندی ہوگئی ہے۔ وزیراعلیٰ ہاؤس میں کسی کو بھی جانے کی اجازت نہیں جبکہ وزیراعلیٰ ہاؤس کا اسٹاف بھی محدود کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب سینئر بیوروکریٹ، ڈاکٹر فخر عالم چیف سیکریٹری خیبر پختونخوا تعینات کر دیے گئے۔

پی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤں نے بھی دعویٰ کیا ہے کہ سہیل آفریدی کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ وفاقی کابینہ کی منظوری اور صدر مملکت آصف علی زرداری کی جانب سے سمری پر دستخط کیے جانے کے بعد خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج نافذ کر دیا گیا۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے خیبر پختونخوا میں سلامتی کی صورتحال کے حوالے سے وزیراعظم کی ایڈوائس پر آئینِ پاکستان کے آرٹیکلز 232 اور 234 کے تحت دستخط کیے۔