سندھ حکومت کا خصوصی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے 50 ہزار روپے انعام کا اعلان

خصوصی بچوں میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں، سیکریٹری کھیل و امور نوجوانان


اسپورٹس رپورٹر October 11, 2026

کراچی:

سندھ حکومت نے خصوصی بچوں کو کھیلوں کے میدان میں آگے بڑھانے اور یکساں مواقع فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

محکمہ کھیل و امور نوجوانان سندھ کے زیرِ اہتمام ڈسٹرکٹ ویسٹ انٹر کلب اینڈ پیرا تائیکوانڈو چیمپئن شپ 2026 کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی سیکریٹری کھیل و امور نوجوانان منور علی مہیسر نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے خصوصی کھلاڑیوں کے لیے 50 ہزار روپے انعام دینے کا اعلان کیا۔

تقریب میں رکن سندھ اسمبلی آصف موسیٰ، ڈائریکٹر کھیل اسد اسحاق، ڈی ایس او ویسٹ محمد عثمان اور دیگر سینٹ خصوصی بچوں نے شرکت کی۔

منور علی مہیسر نے کہا کہ خصوصی بچوں میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں، جنہیں مناسب مواقع، حوصلہ افزائی اور سرپرستی فراہم کرکے کھیلوں کے میدان میں آگے بڑھایا جا سکتا ہے۔

وزیر کھیل و امور نوجوانان سندھ سردار محمد بخش مہر کی ہدایات پر سندھ حکومت خصوصی کھلاڑیوں کی سرپرستی، ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور کھیلوں کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔

چیمپیئن شپ میں پاکستان کی بین الاقوامی پیرا ایتھلیٹ سائرہ نے بھی شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ سیکریٹری کھیل نے سائرہ سمیت دیگر نمایاں کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہا اور ان کی حوصلہ افزائی کے لیے 50 ہزار روپے انعام دینے کا اعلان کیا۔

کلب کیٹیگری میں یونیورسل ٹائیگرز اکیڈمی، پیرا اسپیشل کیٹیگری میں کے وہ ٹی سی  جبکہ اسکول کیٹیگری میں الائیڈ اسکول نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔