اسلام آباد:
ریپ کے جھوٹے مقدمات درج کرانے والوں کے خلاف بڑا فیصلہ کرلیا گیا۔
ڈی آئی جی اسلام آباد علی وسیم نے اینٹی ریپ ایکٹ کے تحت اہم فیصلہ کرتے ہوئے ریپ کے جھوٹے مقدمات درج کرانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔
اس سلسلے میں 7 کیسز کے مدعیان اور گواہان کے خلاف مقدمات درج کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ڈی آئی جی علی وسیم کے مطابق ریپ کے جھوٹے مقدمات درج کرانے اور بڑی رقوم کے عوض ملزمان کے حق میں بیانات دے کر مقدمات خارج کروانے والوں کے خلاف اینٹی ریپ ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ریپ جیسے سنگین جرم کا جھوٹا الزام لگا کر ذاتی مفادات حاصل کرنے اور قانون کا ناجائز استعمال کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
علی وسیم کے مطابق اینٹی ریپ ایکٹ کے تحت کارروائی کا مقصد قانون کے غلط استعمال کی حوصلہ شکنی اور انصاف کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ حقیقی متاثرین کو انصاف فراہم کرنا اور خواتین سمیت شہریوں کے حقوق کا تحفظ اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے۔