روس لیبیا میں اپنی فوجی موجودگی کو مسلسل مضبوط کر رہا ہے

روسی سرگرمیوں میں رن ویز اور ہینگرز کی تعمیر و مرمت اور فوجی سازوسامان کی تعیناتی شامل ہے


ویب ڈیسک October 12, 2026

تازہ تجزیوں اور سیٹلائٹ تصاویر سے ظاہر ہوتا ہے کہ روس نے لیبیا میں اپنے فوجی قدم مزید مضبوط کیے ہیں۔

امریکی نیشنل جیو اسپیشل انٹیلی جنس ایجنسی کے مطابق روسی حمایت یافتہ افریقہ کور (Africa Corps) کم از کم چھ لیبیائی فضائی اڈوں پر انفراسٹرکچر کو وسعت دے رہا ہے۔

روس کی سرگرمیوں میں رن ویز اور ہینگرز کی تعمیر و مرمت، رہائشی و معاون عمارتوں کی تعمیر اور فوجی سازوسامان کی تعیناتی شامل ہے۔ ان اڈوں میں الجفرہ، الخادم، القرضابیہ، تمنہنت، براق الشاطی اور ماتن السرا شامل ہیں۔

بعض مقامات پر روسی اہلکاروں کے ساتھ MiG-29 لڑاکا طیارے، ڈرونز اور فضائی دفاعی نظام بھی دیکھے گئے ہیں۔ 

روس کے لیے طبرق بندرگاہ بھی خاص اہمیت رکھتی ہے۔ رپورٹس کے مطابق ماسکو وہاں اپنی رسد اور بحری سرگرمیوں کے لیے سہولتیں بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے۔

اگر یہ منصوبے مکمل ہوتے ہیں تو روس کو بحیرۂ روم میں ایک اہم فوجی و لاجسٹک مرکز حاصل ہوسکتا ہے، جبکہ یہی نیٹ ورک افریقہ کے ساہل میں روسی کارروائیوں کے لیے بھی استعمال ہوسکتا ہے۔

واضح رہے کہ لیبیا روس کے لیے بحیرۂ روم، شمالی افریقہ اور ساحل کے خطے کو جوڑنے والا اسٹریٹیجک مقام ہے۔ شام میں روس کے سابق فوجی ڈھانچے کے کمزور ہونے کے بعد لیبیا ماسکو کے لیے افریقہ میں اہلکاروں، ہتھیاروں اور فوجی سازوسامان کی نقل و حرکت کا اہم مرکز بنتا جا رہا ہے۔