عمان میں سہار بندرگاہ کے قریب آئل ٹینکر پر ڈرون حملہ، دو ملاح لاپتہ

مقامی حکام نے عملے کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے میں مدد فراہم کی


ویب ڈیسک October 12, 2026

عمان میں سُہَار بندرگاہ کے قریب آئل ٹینکر پر ڈرون حملہ ہوا ہے جس میں 2 بھارتی ملاح لاپتہ لاپتہ ہوگئے ہیں.

عمان کے شمالی ساحل پر سُہَار بندرگاہ کے قریب لنگر انداز آئل ٹینکر کو ڈرون حملے میں نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں جہاز پر سوار 11 بھارتی ملاحوں میں سے 2 لاپتہ ہوگئے جبکہ 9 کو بحفاظت ریسکیو کر لیا گیا۔

برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے اسے ڈرون حملہ قرار دیا ہے۔ مقامی حکام نے عملے کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے میں مدد فراہم کی، جبکہ نقصان کی مکمل تفصیلات اور ممکنہ ماحولیاتی اثرات کا جائزہ جاری ہے۔

لاپتہ ملاحوں کی تلاش کے لیے عمانی کوسٹ گارڈ نے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کر رکھا ہے۔ بھارتی حکام بھی عمانی حکام اور جہاز کی انتظامیہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔

یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب آبنائے ہرمز اور خلیج عمان میں تجارتی جہازوں کی سلامتی کو شدید خطرات لاحق ہیں۔