بھارت: دورانِ پرواز مسافر کے پاور بینک میں آگ لگ گئی

پرواز حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بحفاظت اتر گئی اور تمام مسافر و عملہ محفوظ رہے۔


ویب ڈیسک October 12, 2026

بھارت میں دورانِ پرواز مسافر کے پاور بینک میں مبینہ طور پر آگ لگنے سے طیارے میں خوف و ہراس پھیل گیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 11 اکتوبر کو انڈیگو ایئرلائن کی پرواز دہلی سے چنئی جا رہی تھی کہ اچانک مسافروں کے سامان رکھنے والے اوپری خانے سے دھواں اٹھنے لگا۔

 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

اطلاعات کے مطابق ایک مسافر کے پاور بینک میں آگ بھڑک اٹھی، جس کے بعد مسافر خوفزدہ ہو کر اپنا سامان نکالنے لگے۔

ایئرلائن کے مطابق عملے نے فوری کارروائی کرتے ہوئے صورتحال پر قابو پا لیا، جبکہ پائلٹس نے احتیاطاً طیارے کا رخ حیدرآباد کی جانب موڑ دیا۔

پرواز حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بحفاظت اتر گئی اور تمام مسافر و عملہ محفوظ رہے۔