کراچی:
انڈس اسپتال میں ریبیز سے متاثرہ تھرپارکر کا رہائشی انتقال کرگیا، سندھ میں رواں سال ریبیز سے اموات کی تعداد 38 ہوگئی۔
ترجمان انڈس اسپتال کے مطابق کراچی 38 سالہ نعمت اللہ کا تعلق نوہڑیو، ضلع تھرپارکرکی تحصیل ڈپلو سے ہے، مریض کو کتے نے تقریباً ڈھائی ماہ قبل کاٹا تھا، مریض کو ٹی ایچ کیو ہسپتال ڈپلو میں 25 جولائی سے 8 اگست ریبیز سے بچاؤ کی ویکسین کی چار خوراکیں دی گئیں۔
ترجمان کے مطابق مریض کو 7 اکتوبر کو انڈس اسپتال کراچی میں ریبیز کے علامات کے بعد داخل کیا گیا تھا، مریض کو ابتدائی طبی امداد کے دوران زخم کی مناسب صفائی نہ کیے جانے کی نشاندہی ہوئی۔
واضح رہے کہ اس سال انڈس اسپتال میں کتے کے کاٹے سے مرنے والوں کی تعداد 29 ہوگئی ہے، انڈس اسپتال بدین میں رواں سال 1 موت رپورٹ ہوئی، جناح اسپتال میں اب تک 8 اموات رپورٹ ہوچکی ہے، رواں سال پندرہ ہزار سے زائد مریض کتے کے کاٹے سے انڈس اسپتال لائے گئے۔
رے بیز کا مریض بچہ حیدر آباد سے جناح اسپتال منتقل
دریں اثنا سندھ میں ریبیز سے اموات کا سلسلہ جاری ہے، حیدرآباد کے 12 سالہ بچے میں ریبیز کی علامات ظاہر ہونے پر اسے جناح اسپتال کراچی منتقل کردیا گیا۔
جناح اسپتال کراچی کی انتظامیہ کے مطابق حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے 12 سالہ بچے کو ہائیڈروفوبیا، چڑچڑے پن کی شکایت پر ایمرجنسی میں لایا گیا۔ بچے کو تقریباً دو ماہ قبل ہاتھ اور سینے پر کتے نے کاٹا تھا، تاہم کتے کے کاٹنے کے بعد اسے ریبیز سے بچاؤ کی ویکسین نہیں لگوائی گئی تھی۔ بچے میں ریبیز انسیفلائٹس کے شبہے پر نیورو میڈیسن ٹیم کو طلب کیا گیا، جبکہ ایمرجنسی میں اسے ویکسین کی پہلی خوراک دی گئی۔
انتظامیہ کے مطابق بچے کو مزید علاج اور نگہداشت کے لیے انتہائی نگہداشت کے وارڈ (آئی سی یو) میں داخل کیا جارہا ہے۔
جناح اسپتال کراچی کے سی ایم او ڈاکٹر عمار دانش نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے ریبیز سے بچاؤ کے لیے آگاہی مہم اور مختلف پروگرام جاری ہیں، لیکن اس کے باوجود عوام میں مطلوبہ آگاہی پیدا نہیں ہورہی۔ ایک طرف آوارہ کتوں کی آبادی بڑھ رہی ہے تو دوسری جانب کتے کے کاٹنے کے واقعات بھی تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ریبیز سے بچاؤ کے لیے عوام میں شعور اجاگر کرنا اور احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد ضروری ہے تاکہ قیمتی انسانی جانوں کو بچایا جاسکے، کتے کے کاٹنے یا خراش آنے کی صورت میں زخم کو فوری طور پر صابن اور بہتے پانی سے کم از کم 15 منٹ تک اچھی طرح دھوئیں اور بلا تاخیر قریبی اسپتال سے رجوع کریں۔ ریبیز سے بچاؤ کی ویکسین اور طبی ضرورت کے مطابق امیونوگلوبیولن لگوانا ضروری ہے۔ زخم پر مرچ، تیل یا دیگر گھریلو ٹوٹکے استعمال کرنے سے گریز کیا جائے اور ریبیز کی علامات ظاہر ہونے کا انتظار کیے بغیر طبی امداد حاصل کی جائے۔