خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کے خلاف جے یو آئی نے سینیٹ میں قرارداد جمع کرادی

ایمرجنسی کا نفاذ آئینی تقاضوں سے متصادم ہے، صدر اور وفاقی حکومت ایمرجنسی کا فیصلہ واپس لیں، قرارداد


اسٹاف رپورٹر October 12, 2026
فوٹو: فائل

اسلام آباد:

خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کے خلاف جے یو آئی نے سینیٹ میں قرارداد جمع کرادی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق قرارداد جے یو آئی کے سینیٹر کامران مرتضیٰ نے جمع کرائی جس میں خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کی شدید مذمت کی گئی ہے اور صوبائی خودمختاری اور عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ پر زور دیا گیا ہے۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ایمرجنسی کا نفاذ آئینی تقاضوں سے متصادم ہے، وفاقی حکومت ایمرجنسی کے نفاذ کی وجوہات اور متعلقہ ریکارڈ پارلیمنٹ میں پیش کرے، صدر اور وفاقی حکومت ایمرجنسی کا فیصلہ واپس لیں، وزیراعظم کی ایڈوائس پر صدر کی جانب سے ایمرجنسی کے نفاذ کے آئینی تقاضوں پر سوالات اٹھ رہے ہیں، ایمرجنسی کے نفاذ کے وقت صدر کی جانب سے آئینی اطمینان موجود نہیں تھا۔

قرارداد میں ایمرجنسی کا حکم فوری واپس لے کر غیر آئینی قرار دینے کی سفارش کی گئی ہے، قرارداد کی منظوری کے بعد صدر، وزیراعظم اور وزیر قانون کو نقل بھجوانے کی سفارش کی گئی ہے۔