پاکستان کے نوجوان بیٹر معاذ صداقت کی سری لنکا کے خلاف شاندار کارکردگی پر سابق کپتان محمد رضوان نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ان سے جڑی ایک یادگار کہانی شیئر کردی۔
محمد رضوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں بتایا کہ انہیں وہ وقت آج بھی یاد ہے جب معاذ اپنے بھائی ہارون کے ہمراہ پشاور میں ان کے گھر آئے تھے۔
اس وقت نوجوان کرکٹر کی آنکھوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کا خواب تھا جو اب حقیقت بن چکا ہے۔
رضوان نے معاذ کی محنت اور عزم کو سراہتے ہوئے نوجوان کھلاڑیوں کو پیغام دیا کہ وہ اپنے خوابوں پر یقین رکھیں کیونکہ کامیابی کے لیے محنت، صبر اور مستقل مزاجی ضروری ہے۔
انہوں نے سری لنکا کے خلاف سیریز جیتنے پر کپتان صاحبزادہ فرحان اور قومی ٹیم کو بھی مبارک باد دی۔
معاذ صداقت نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 29 گیندوں پر 50 رنز بنا کر پاکستان کی چار وکٹوں سے کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔
اس کے بعد راولپنڈی میں دوسرے میچ میں انہوں نے صرف 51 گیندوں پر 96 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی جس میں 6 چوکے اور 7 چھکے شامل تھے۔
تاہم وہ میچ کی آخری گیند پر آؤٹ ہوکر اپنی پہلی بین الاقوامی سنچری سے محروم رہے۔
ان کے 7 چھکوں نے پاکستان کی جانب سے انفرادی ٹی ٹوئنٹی اننگز میں سب سے زیادہ چھکوں کے ریکارڈ کی برابری کردی۔