اٹلی سے آسٹریلیا جانے والی پرواز کھٹملوں کے باعث منسوخ، مسافر پھنس گئے

قنطاس نے مسافروں سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ انجینئرز اور مینٹیننس ٹیم نے طیارے کی گہری صفائی کی


ویب ڈیسک October 13, 2026

آسٹریلیا کی ایئرلائن قنطاس کی اٹلی سے آسٹریلیا جانے والی پرواز اس وقت منسوخ کردی گئی جب طیارے میں کھٹملوں کی موجودگی اور مسافروں کو کاٹنے کی شکایات سامنے آئیں۔

رپورٹس کے مطابق 9 اکتوبر کو پرتھ سے روم جانے والی تقریباً 17 گھنٹے کی پرواز میں اکانومی کلاس کے بعض مسافروں نے کھٹمل کے کاٹنے کی شکایت کی۔

روم پہنچنے کے بعد بوئنگ 787 طیارے کو سروس سے ہٹا کر مکمل صفائی اور جراثیم کش کارروائی کے لیے بھیج دیا گیا۔

اس صورتحال کے باعث 10 اکتوبر کو روم سے پرتھ جانے والی واپسی کی پرواز منسوخ کرنا پڑی۔ قنطاس نے مسافروں سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ انجینئرز اور مینٹیننس ٹیم نے طیارے کی گہری صفائی کی، جبکہ متاثرہ مسافروں کو رہائش فراہم کرکے 48 گھنٹوں کے اندر متبادل پروازوں پر منتقل کیا گیا۔

کھٹمل عموماً کپڑوں، سامان یا دیگر ذاتی اشیا کے ذریعے طیارے تک پہنچ سکتے ہیں اور نشستوں کی درزوں میں چھپ سکتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق ان کے کاٹنے سے خارش اور جلد پر سوجن ہوسکتی ہے، تاہم عام طور پر یہ کیڑے انسانوں میں بیماری منتقل کرنے کے لیے معروف نہیں ہیں۔

قنطاس کا کہنا ہے کہ طیاروں کی باقاعدہ صفائی کی جاتی ہے اور احتیاطی طور پر ہر 50 دن بعد جراثیم کش عمل بھی کیا جاتا ہے۔