پرتگال کے سپر اسٹار کرسٹیانو رونالڈو کی سعودی عرب سے اظہارِ محبت کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
رونالڈو نے اپنے کیریئر کا 981واں گول اسکور کرتے ہوئے النصر کو اے ایف سی چیمپئنز لیگ ایلیٹ میں ازبکستان کے نیفتچی فرغانہ کے خلاف 1-3 سے کامیابی دلائی۔
41 سالہ رونالڈو نے میچ سے قبل اپنی شرٹ پر موجود سعودی عرب کی قومی علامت کو بوسہ دیا جس میں کھجور کا درخت اور دو تلواریں شامل ہیں۔
میچ کے اختتام پر انہوں نے سعودی پرچم والا اسکارف اپنے کندھوں پر ڈال کر النصر کے شائقین کے ساتھ مشہور ’وائکنگ کلاپ‘ جشن میں بھی حصہ لیا۔
النصر نے اپنے عربی سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر رونالڈو کی تصویر شیئر کرتے ہوئے پیغام دیا، ’میں پرتگالی ہوں، لیکن میرا تعلق مملکت سعودی عرب سے ہے۔‘
یہ الفاظ دراصل رونالڈو نے جون 2025 میں معاہدے میں توسیع کے بعد کہے تھے۔
واضح رہے کہ کرسٹیانو رونالڈو اب کیریئر کے 1000 گولز مکمل کرنے سے صرف 19 گول دور ہیں۔