امریکی ریاست جارجیا کے تفریحی پارک سکس فلیگز اوور جارجیا میں رولر کوسٹر سے گرنے کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک ہوگیا۔
واقعہ معروف رولر کوسٹر ’’گولیاتھ‘‘ پر پیش آیا، جس کے بعد انتظامیہ نے سواری روک دی اور اس میں موجود دیگر افراد کو ہنگامی راستے سے باہر نکالا۔
مقامی میڈیا کے مطابق گولیاتھ رولر کوسٹر تقریباً 20 سال قبل کھولی گئی تھی اور اسے امریکا کی بلند ترین رولر کوسٹرز میں شمار کیا جاتا رہا ہے۔
واقعے کے عینی شاہدین نے بتایا کہ شخص کے گرنے کا منظر انتہائی خوفناک تھا۔ ایک گواہ کے مطابق گرنے کے دوران وہ شخص تین مرتبہ رولر کوسٹر کی گاڑی سے ٹکرایا۔
مقامی ٹی وی چینل ڈبلیو ایکس آئی اے سے گفتگو کرتے ہوئے ایک اور عینی شاہد نے بتایا کہ جس لمحے شخص گرا، وہ ان کی سواری کے دوران بنائی گئی یادگاری تصویر میں بھی محفوظ ہوگیا۔
حادثے کے بعد رولر کوسٹر کو روک دیا گیا، جبکہ اس میں موجود مسافروں کو ہنگامی سیڑھیوں کے ذریعے نیچے اتارا گیا۔
تاحال دستیاب رپورٹ میں ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت، حادثے کی حتمی وجہ اور پارک انتظامیہ کی جانب سے مزید تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔