پرواز میں فضائی عملے پر حملے اور کاٹنے کا الزام، امریکی اداکارہ سلمیٰ بلیئر گرفتار

الزام ہے کہ اداکارہ نے دورانِ پرواز ایک فضائی میزبان کو مکے مارے، جبکہ دوسرے کو کاٹ لیا


ویب ڈیسک October 13, 2026

امریکی اداکارہ سلمیٰ بلیئر کو لاس اینجلس سے نیویارک جانے والی ڈیلٹا ایئر لائنز کی پرواز میں فضائی عملے کے ارکان پر مبینہ حملے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔ واقعے میں عملے کے دو ارکان زخمی ہوئے، جن میں سے ایک کو اسپتال منتقل کرنا پڑا۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق 54 سالہ اداکارہ کو اتوار کی رات طیارے کی نیویارک کے جان ایف کینیڈی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے بعد حراست میں لیا گیا۔ الزام ہے کہ دورانِ پرواز انہوں نے ایک فضائی میزبان کو مکے مارے، جبکہ دوسرے کو کاٹ لیا۔ واقعے کے بعد پولیس اور طبی عملے کو بھی طلب کیا گیا۔

رپورٹس کے مطابق کوئنز کی عدالت میں سلمیٰ بلیئر پر اسپتال منتقلی کے دوران ایک پولیس اہلکار اور ایک نرس پر مبینہ حملے کے دو الزامات بھی عائد کیے گئے ہیں۔ عدالت نے ضمانت کے لیے 20 ہزار ڈالر نقد یا 60 ہزار ڈالر کے بانڈ کی شرط مقرر کی ہے۔

اداکارہ کے نمائندے نے مؤقف اختیار کیا کہ پرواز کے دوران انہیں طبی ہنگامی صورتِ حال پیش آئی تھی، جس کے نتیجے میں یہ واقعہ پیش آیا۔ ان کے مطابق طیارے کی لینڈنگ کے فوراً بعد سلمیٰ کو طبی امداد دی گئی اور اب ان کی حالت مستحکم ہے۔

ڈیلٹا ایئر لائنز نے واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسافروں اور عملے کی حفاظت اس کی اولین ترجیح ہے اور غیر ذمہ دارانہ یا غیر قانونی رویے کے معاملے میں کمپنی کی زیرو ٹالرنس پالیسی ہے۔ ایف بی آئی بھی طیارے میں پیش آنے والے مبینہ حملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔

سلمیٰ بلیئر اس سے پہلے بھی دورانِ پرواز ایک تنازع کا سامنا کر چکی ہیں۔ 2016 میں پیش آنے والے ایک واقعے کے بعد انہوں نے بتایا تھا کہ ادویات کے ساتھ شراب استعمال کرنے کے باعث انہیں کچھ یاد نہیں رہا تھا اور انہوں نے ایسے اقدامات کیے جن پر انہیں افسوس تھا۔ تاہم، موجودہ واقعے کے بارے میں ان کے نمائندے نے طبیعت خراب ہونے کا ذکر کیا ہے۔

اداکارہ کے خلاف الزامات پر قانونی کارروائی جاری ہے اور انہیں تاحال مجرم قرار نہیں دیا گیا۔ سلمیٰ بلیئر 2018 میں اپنی بیماری ملٹی پل اسکلروسس کی تشخیص کے بارے میں بھی عوامی سطح پر بات کر چکی ہیں۔