سعودی عرب کا ریاض اور جنوبی علاقوں میں 3 کروز میزائل اور 2 ڈرون تباہ کرنے کا دعویٰ

میزائلوں اور ڈرونز کو تباہ کرنے کے واقعات میں کسی جانی یا مالی نقصان کی تفصیلات سامنے نہیں آئیں


ویب ڈیسک October 14, 2026

حوثیوں کے حملوں کے دوران سعودی قیادت میں قائم اتحاد کا کہنا ہے کہ فضائی دفاعی نظام نے دارالحکومت ریاض اور ملک کے جنوبی حصوں میں آنے والے تین کروز میزائل اور دو ڈرون روک کر تباہ کردیے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ ریاض اور جنوبی علاقوں میں تین کروز میزائل تباہ کیے گئے۔ بعد ازاں انہوں نے بتایا کہ انہی علاقوں میں دو ڈرونز کو بھی روک کر تباہ کردیا گیا۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب یمن کے حوثی گروپ کی جانب سے سعودی عرب پر حملوں کا سلسلہ جاری ہے اور خطے میں کشیدگی برقرار ہے۔

تاحال میزائلوں اور ڈرونز کو تباہ کرنے کے واقعات میں کسی جانی یا مالی نقصان کی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔ حوثیوں کی جانب سے بھی اس مخصوص واقعے پر فوری ردعمل رپورٹ نہیں ہوا۔