کراچی میں ڈاکو راج نہ تھم سکا، مزاحمت پر ایک اور شہری جاں بحق

رواں سال کراچی میں لوٹ مار کے دوران قتل ہونے والے افراد کی تعداد 61 ہوگئی


اسٹاف رپورٹر October 14, 2026

کراچی:

کراچی کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن سیکٹر 17 اے میں منگل بازار کے قریب ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔

پولیس کے مطابق  35 سالہ محمد توصیف صبح تقریباً 9 بجے گھر سے کام پر جانے کے لیے نکلا تھا کہ موٹر سائیکل پر سوار 2 ملزمان نے اسے روک کر موبائل فون چھیننے کی کوشش کی۔

مزاحمت پر ملزمان نے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں توصیف کے پیٹ اور ٹانگ پر گولیاں لگیں،زخمی توصیف کو فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گیا۔

پولیس حکام کے مطابق جائے وقوعہ کے اطراف نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز حاصل کی جارہی ہیں جبکہ ملزمان کی تلاش اور واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

رواں سال کراچی میں لوٹ مار کے دوران قتل ہونے والے افراد کی تعداد 61 ہوگئی۔