’انتظار کریں، ہم ایران کے ساتھ کیا کرتے ہیں‘، امریکی صدر ٹرمپ کی تہران کو فوجی کارروائی کی نئی دھمکی

ٹرمپ کے بیان میں ایران کے خلاف کسی نئی کارروائی کی نوعیت، وقت یا ممکنہ اہداف کی تفصیلات نہیں بتائی گئیں


ویب ڈیسک October 14, 2026

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف مزید کارروائی کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا دیکھے گی کہ امریکا ایران کے ساتھ کیا کرتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ واشنگٹن کی بنیادی ترجیح ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنا ہے۔

خبر رساں ادارے انادولو کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی ریاست الاسکا کے شہر وسیلا میں ایک انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ایران کے حوالے سے سخت بیان دیا۔ وہ 3 نومبر کو ہونے والے وسط مدتی انتخابات سے قبل ریپبلکن امیدواروں کی حمایت میں مہم چلا رہے تھے۔

ٹرمپ نے اپنے حامیوں سے خطاب میں کہا کہ انتظار کریں اور دیکھیں کہ امریکا ایران کے خلاف کیا اقدامات کرتا ہے۔ ان کے الفاظ میں، امریکا ایران کے معاملے پر اب بہت حد تک فیصلہ کرچکا ہے جبکہ ایرانی حکام بھی انتظار کر رہے ہیں۔

امریکی صدر نے مزید کہا کہ ان کے نزدیک سب سے اہم بات یہ ہے کہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنے دیے جائیں گے۔

ٹرمپ کے بیان میں ایران کے خلاف کسی نئی کارروائی کی نوعیت، وقت یا ممکنہ اہداف کی تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔ تاہم ان کے سخت الفاظ سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایران کے جوہری پروگرام کے معاملے پر امریکی دباؤ برقرار ہے۔