نیشنل جونیئر اسکواش چیمپئن شپ: ویشنوی کشور نےگرلز انڈر19 ٹائٹل جیت لیا

فائنلز اور اختتامی تقریب میں میکڈونلڈ پاکستان کے عبد الرحمان  مہمان خصوصی تھے


اسپورٹس ڈیسک October 14, 2026

پانچویں میکڈونلڈ نیشنل جونیئر اسکواش چیمپئن شپ میں ویشنوی کشور نے گرلز انڈر 19 ٹائٹل جیت لیا۔

تفصیلات کے مطابق جہانگیر خان اسکواش اکیڈمی کورٹس میں آٹھ لاکھ روپے انعامی رقم پانچویں میکڈونلڈ نیشنل جونیئر اسکواش چیمپئن شپ منعقد ہوئی۔

13 سالہ ویشنوی کشور نے گرلز انڈر 19 کے فائنل میں سیڈ 2 سندھ کی ہی دامیہ خان کو 0-3 سے اپ سیٹ شکست دی۔

بوائز انڈر 15 کا فائنل ٹاپ سیڈ سہیل عدنان نے جیت لیا۔ انہوں نے سیڈ 2 دانش سکندر کو 0-3 سے قابو کیا۔

بوائز انڈر 11 کے فائنل میں محمد ابان نے محمد بن نسیم کو 1-3 سے شکست دے کر فتح حاصل کی۔

بوائز انڈر 9 ایونٹ کے فائنل میں عبدالہادی نے ابراہیم کو 0-3 سے شکست دی۔

فائنلز اور اختتامی تقریب میں میکڈونلڈ پاکستان کے عبد الرحمان  مہمان خصوصی تھے۔

سندھ اسکواش ایسوسی ایشن کے صدر عدنان اسد نے استقبالی کلمات ادا کیے۔

تقریب میں اسکواش لیجنڈ جہانگیر خان، جمیل مغل، نوید الرحمان، اقصیٰ حبیب ودیگر موجود تھے۔

یاد رہے کہ وشنوی نے سیمی فائنل میں ٹاپ سیڈ آمنہ ملک کو شکست دی تھی۔