کراچی:
ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل کراچی نے فیڈرل بی ایریا بلاک 4 میں واقع نجی بینک کی برانچ پر چھاپہ مار کر برانچ منیجر سمیت 5 افراد کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق کارروائی انکوائری نمبر 107/2026 کے تحت کی گئی۔ گرفتار ملزمان کی شناخت فرحان احمد، فیصل احمد، کاشف علوی، محمد نسیم اور جنید احمد کے نام سے ہوئی ہے۔ کاشف علوی نجی بینک کی برانچ کے منیجر ہیں۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزمان مبینہ طور پر غیر قانونی کرنسی ایکسچینج اور ہنڈی حوالہ کے کاروبار میں ملوث تھے۔ کارروائی کے دوران ان کے قبضے سے 3 لاکھ سعودی ریال نقد، 7 اسمارٹ ڈیوائسز اور موبائل فونز جبکہ مختلف بینکوں کی چیک بکس برآمد کی گئیں۔
ترجمان کے مطابق موبائل فونز میں مبینہ طور پر ہنڈی حوالہ نیٹ ورک سے متعلق واٹس ایپ چیٹس، ڈیجیٹل لیجرز اور مالی لین دین کے شواہد موجود ہیں۔ برآمد ہونے والی رقم، موبائل فونز اور دیگر ریکارڈ کو ضبطی میمو کے تحت تحویل میں لے لیا گیا ہے۔
ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ معاملے میں ملوث دیگر افراد، مالی لین دین کے ذرائع اور ممکنہ سہولت کاروں کا سراغ لگانے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔ ملزمان کے خلاف فارن ایکسچینج ریگولیشن ایکٹ اور دیگر متعلقہ قوانین کے تحت مقدمہ درج کرنے کی کارروائی بھی جاری ہے۔