حوالہ ہنڈی میں ملوث نجی بینک کے برانچ منیجر سمیت 5 افراد گرفتار

ملزمان کے قبضے سے 3 لاکھ سعودی ریال، 7 اسمارٹ ڈیوائسز اور موبائل فونز، بینکوں کی چیک بکس برآمد


اسٹاف رپورٹر October 14, 2026

کراچی:

ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل کراچی نے غیر قانونی کرنسی ایکس چینج اور ہنڈی حوالہ کے کاروبار کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے نجی بینک کے برانچ منیجر سمیت 5 افراد کو گرفتار کرلیا۔

ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کے قبضے سے 3 لاکھ سعودی ریال نقد، 7 اسمارٹ ڈیوائسز اور موبائل فونز سمیت مختلف بینکوں کی چیک بکس برآمد کرلی گئیں، کارروائی کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا بلاک 4 میں واقع ایک نجی بینک کی برانچ پر انکوائری نمبر 107/2026 کے تحت کی گئی۔ گرفتار ملزمان کی شناخت فرحان احمد، فیصل احمد، کاشف علوی، محمد نسیم اور جنید احمد کے نام سے ہوئی ہے۔

کاشف علوی نجی بینک کا برانچ منیجر ہے، ملزمان مبینہ طور پر غیر قانونی اور غیر مجاز کرنسی ایکسچینج اور ہنڈی حوالہ کے کاروبار میں ملوث تھے۔

کارروائی کے دوران برآمد ہونے والے موبائل فونز میں مبینہ طور پر ہنڈی حوالہ نیٹ ورک سے متعلق واٹس ایپ چیٹس، ڈیجیٹل لیجرز اور مالی لین دین کے شواہد موجود ہیں۔

ایف آئی اے نے برآمد شدہ رقم، موبائل فونز اور دیگر ریکارڈ کو ضبطی میمو کے تحت تحویل میں لے لیا ہے۔

ترجمان کے مطابق معاملے میں ملوث دیگر افراد، مالی لین دین کے ذرائع اور ممکنہ سہولت کاروں کا سراغ لگانے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔ ملزمان کے خلاف فارن ایکسچینج ریگولیشن ایکٹ اور دیگر متعلقہ قوانین کے تحت مقدمہ درج کرنے کی کارروائی بھی جاری ہے۔

ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ غیر قانونی کرنسی ایکسچینج اور ہنڈی حوالہ کے ذریعے ہونے والی مالی بے ضابطگیوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔